لاہور۔11فروری (اے پی پی):سٹوڈنٹس کیلئے بلا سود بائیکس فراہمی سکیم پر پیشرفت کا جائزہ لینے کیلئے صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ اینڈ ماس ٹرانزٹ بلال اکبر خان کی زیر صدارت سٹیرنگ کمیٹی کا 19 واں اجلاس ٹرانسپورٹ ہائوس میں منعقد ہوا،جس میں ٹرانسپورٹ ڈیپارٹمنٹ، ایچ ای سی، ایچ ای ڈی،انفارمیشن اینڈ کلچر ڈیپارٹمنٹ اور بینک آف پنجاب سمیت دیگر متعلقہ محکموں کے حکام نے شرکت کی۔
اس دوران سیکرٹری ٹرانسپورٹ اینڈ ماس ٹرانزٹ عمران سکندر بلوچ نے بائیکس فراہمی سکیم کی پیشرفت پر بریفنگ دی۔وزیر ٹرانسپورٹ نے تمام سٹوڈنٹس کو بائیکس کی ڈیلیوری کا ہدف جلد از جلد مکمل کرنے اور ضرورت پڑنے پر بائیک کے خواہشمند ویٹنگ لسٹ والے سٹوڈنٹس کو بھی موقع دینے کی ہدایت کی۔
اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ہزاروں سٹوڈنٹس کو کامیابی سے بائیکس کی ڈیلیوری مکمل ہو چکی ہے اور اب تک بائیکس سکیم میں طلبہ و طالبات کی غیر معمولی دلچسپی بھی بہت حوصلہ افزا رہی ہے جبکہ سواری سے خود مختاری بائیکس سکیم طالبات کو پراعتماد بنا رہی ہے۔
وزیر اعلی مریم نواز شریف کے اعلان کے مطابق یتیم سٹوڈنٹس کو فری بائیکس فراہم کی جا رہی ہیں۔بلال اکبر خان کا مزید کہنا تھا کہ بہت جلد پہلے مرحلہ کے تمام کامیاب سٹوڈنٹس کو بائیکس کی ڈیلیوری مکمل ہو جائیگی اور وزیر اعلی پنجاب مریم نواز کے اعلان کے مطابق اگلے فیز میں1 لاکھ بائیکس بھی دی جائیں گی۔ہم ایکو فرینڈلی ٹرانسپورٹ کے نئے دور میں داخل ہو چکے ہیں اور اس سلسلہ میں مو ثر اقدامات کئے جا رہے ہیں۔