نئے مالی سال میں بھی محصولات کی وصولی اور دیگر معاشی اہداف کو حاصل کرنے میں مستعدی کا مظاہرہ کیا جائے ،وزیراعظم شہباز شریف

77

اسلام آباد۔2جولائی (اے پی پی):وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے سال25-2024میں وفاقی ٹیکس محصولات میں گزشتہ 10 سالوں کی نسبت 42 فیصد اضافہ پر وزارت خزانہ اور آیف بی آر کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کے روشن معاشی مستقبل کے لئے معاشی اہداف کے حصول میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔بدھ کو وزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت ایف بی آر کی ڈیجیٹائزیشن اور دیگر اصلاحات کے حوالے سے ہفتہ وار جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔

وزیر اعظم نے 25-2024میں وفاقی ٹیکس محصولات میں گزشتہ 10 سالوں کی نسبت 42 فیصد اضافہ پر وزارت خزانہ اور آیف بی آر کی کاوشوں کو سراہا۔اس موقع پر بریفنگ میں بتایا گیا کہ مالی سال25-2024میں اصلاحات اور ٹیکس قوانین کے نفاذ کے ذریعے گزشتہ سال کی نسبت کل 865 ارب روپے کے زیادہ محصولات وصول کئے گئے جو تاریخ ساز 8 گنا اضافہ ہے،مالی سال25-2024میں محصولات کا مجموعی پیداوار سے تناسب (Federal Revenue to GDP Ratio) 11.3 فیصد رہا جو گزشتہ سال کے مقابلے میں 1.5 فیصد زیادہ ہے۔

وزیر اعظم نے کہا کہ نئے مالی سال میں محصولات کی وصولی اور دیگر معاشی اہداف کو حاصل کرنے بھی اسی مستعدی کا مظاہرہ کیا جائے ، اس میں کسی قسم کی ادارہ جاتی سستی کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔وزیراعظم نے کہا کہ نئے مالی سال میں محصولات کی وصولی اور دیگر معاشی اہداف کو حاصل کرنے کے لئے تمام ادارے مکمل جانفشانی سے کام کریں ۔پاکستان کے روشن معاشی مستقبل کے لئے معاشی اہداف کے حصول میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔

وزیراعظم نے کہا کہ محصولات کی وصولی اور معاشی اہداف کے تمام مراحل کی ذاتی طور پر نگرانی کر رہا ہوں۔ انہوں نے ایف بی آر کے افسران کو ہدایت کی کہ محصولات کی وصولی اور اپنے فرائض کی ادائیگی میں ایف بی ار عوام سے عزت و تکریم سے پیش آئیں، ملکی معیشت کی ترقی کے لئے تمام سرکاری ادارے ایف بی آر کے ساتھ مکمل تعاون کریں۔

وزیراعظم نے ہدایت کی کہ ٹریک اینڈ ٹریس ڈیجیٹل پروڈکشن سسٹم کو اشیاء کے پیداواری اور ترسیل کے مراحل میں شامل کیا جائے تاکہ تمام پیداوار کو ٹیکس نیٹ میں لایا جا سکے،ٹیکس نادہندہ اور تمام صنعتوں کے پیداواری عمل کو ڈیجیٹائز کر کے ٹیکس نیٹ میں لایا جائے۔وزیراعظم نے ریٹیل کے شعبے میں ایف بی آر کے پوائنٹ آف سیل سسٹم کا دائرہ کار مزید وسیع کرنے کی ہدایت کی۔

وزیراعظم نے وفاقی بجٹ کی منظوری پر اجلاس کے شرکا کو مبارکباد دی۔اجلاس میں وزیراعظم کو ایف بی آر میں اصلاحات کے حوالے سے اقدامات کی پیشرفت پر بریفنگ دی گئی۔کاروباری برادری اور ٹیکس دہندگان کو مکمل سہولیات فراہم کرنے کے لئے ایف بی آر تمام دروازے کھلے رکھے۔

وزیراعظم نے کہا کہ ٹریک اینڈ ٹریس ڈیجیٹل پروڈکشن سسٹم کو اب تک، چینی، تمباکو اور فرٹیلائزر میں مکمل طور پر نافذ کر دیا گیا ہے اور سیمنٹ اور دیگر صنعتوں میں جلد مکمل نافذ ہو جائے گا۔اجلاس میں وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ، وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ،چیئرمین ایف بی ار اور دیگر سرکاری حکام نے شرکت کی۔