اسلام آباد۔29مئی (اے پی پی):وفاقی وزیرخزانہ ومحصولات سینیٹرمحمداسحاق ڈارنے کہاہے کہ حکومت معاشی چیلنجز پر قابو پانے اور ملکی معیشت کو مضبوط بنانے کے لیے ٹھوس اقدامات کر رہی ہے۔حکومت عوام کو سہارا دینے اور ملک میں معاشی ترقی کے لیے کاروبار دوست بجٹ فراہم کرنے کی کوشش کرے گی۔
انہوں نے یہ بات پیرکویہاں ایسوسی ایشن آف بلڈرز اینڈ ڈیولپرز آف پاکستان (آباد) کے وفد سے ملاقات میں کہی۔ ملاقات میں آباد کی کی طرف سے نئے مالی سال کے وفاقی بجٹ کے حوالہ سے تجاویزاورسفارشات کاجائزہ کیاگا۔ اس موقع پروزیراعظم کے معاون خصوصی طارق محمود پاشا، چیئرمین آر آر ایم سی اشفاق یوسف تولہ، چیئرمین ایف بی آر عاصم احمد اور، ایف بی آر کے سینئر افسران بھی موجودتھے ۔
وفد کے شرکاء نے وزیر خزانہ کو تعمیراتی صنعت کو درپیش مسائل اورچیلنجز سے آگاہ کیا اور آئندہ وفاقی بجٹ کے لیے اپنی تجاویز پیش کیں۔ وفد نے معاشی چیلنجوں پر قابو پانے اور ملک میں اقتصادی اور کاروباری سرگرمیوں کو فروغ دینے کے لیے حکومت کی کوششوں میں تعاون کا یقین بھی دلایا۔
وزیر خزانہ نے وفد کی جانب سے پیش کردہ تجاویز کو سراہا اور انہیں یقین دلایا کہ حکومت معاشی چیلنجز پر قابو پانے اور ملکی معیشت کو مضبوط بنانے کے لیے ٹھوس اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت عوام کو سہارا دینے اور ملک میں معاشی ترقی کے لیے کاروبار دوست بجٹ فراہم کرنے کی کوشش کرے گی۔ وفد نے بجٹ تجاویز پر غور کرنے پر وزیر خزانہ کا شکریہ ادا کیا۔
وفد میں ایسوسی ایشن کے چئیرمین الطاف تائی،سابق چئیرمین عارف یوسف گیوا،وائس چئیرمین خاور منیر ، ندیم گیوا، راحیل رنچ ، عسکری آغا اور سفیان عدیہ شامل تھے۔