کوئٹہ۔ 28 اپریل (اے پی پی):صوبائی وزیر خزانہ میر شعیب نوشیروانی نے کہا ہے کہ آنے والے مالی سال کے بجٹ میں ضلع خاران کے عوام کی ترقی اور خوشحالی کو مدنظر رکھتے ہوئے اہم عوامی منصوبے شامل کئے جا رہے ہیں۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ تعلیم، صحت، آب نوشی، زراعت، سڑکوں کی تعمیر اور نوجوانوں کو روزگار فراہم کرنےکیلئے نئے منصوبے بجٹ کا حصہ ہوں گے۔میر شعیب نوشیروانی نے کہا کہ ضلع خاران میرا آبائی حلقہ ہے اور میں اپنے عوام سے کیا گیا ہر وعدہ پورا کرنے کے لیے پرعزم ہوں۔ انہوں نے کہا کہ بجٹ میں شامل منصوبے خاران کے عوام کی ضروریات اور مقامی ترقیاتی ترجیحات کو سامنے رکھ کر تیار کئے جائیں گے
انہوں نے مزید کہا کہ حکومت بلوچستان متوازن ترقی کی پالیسی پر عمل پیرا ہے اور خاران جیسے پسماندہ اضلاع کو خصوصی توجہ دی جا رہی ہے، آنے والے بجٹ میں متعدد تعلیمی اداروں کی اپ گریڈیشن، بنیادی صحت مراکز کی بہتری، چھوٹے ڈیمز کی تعمیر اور دیہی علاقوں میں سڑکوں کی تعمیر جیسے منصوبے شامل کئے گئے ہیں، جن سے مقامی سطح پر ترقی اور خوشحالی کا نیا دور شروع ہو گا۔انہوں نے کہا کہ عوامی فلاح و بہبود کے یہ منصوبے نہ صرف بنیادی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنائیں گے بلکہ مقامی معیشت کو بھی مستحکم کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی اولین ترجیح عوام کی خدمت اور ان کی زندگیوں میں مثبت تبدیلی لانا ہے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=589084