راولپنڈی۔8جولائی (اے پی پی):وزیر مملکت برائے قانون و انصاف بیرسٹر عقیل ملک نے کہا ہے کہ راولپنڈی میں سڑکوں کی تعمیر کے منصوبوں سے ٹریفک کے نظام میں بہتری آئے گی،نئے منصوبوں کو ریکارڈ مدت میں مکمل کرنے پر ضلع راولپنڈی کے عوام وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کا شکریہ ادا کرتے ہیں، ستھرا پنجاب پروگرام اور شاہراہوں کی تزئین و آرائش کے لئے شروع کئے گئے منصوبوں کی تکمیل سے راولپنڈی شہر مزید خوبصورت نظر آئے گا ۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو راولپنڈی میں ترقیاتی منصوبوں کی افتتاحی تقریب کے موقع پر اپنے پیغام میں کیا ۔انہوں نے کہا کہ راولپنڈی کی عوام وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کو سلام پیش کرتے ہیں جنہوں نے یہاں کے شہریوں کی ٹریفک کے حوالے سے درپیش مشکلات کو ختم کیا اور بڑے احسن طریقے سے دونوں منصوبوں کو مکمل کرکے آج افتتاح کردیا ، ان منصوبوں سے لوگوں کے لئے آسانیاں پیدا ہوں گی ۔انہوں نے کہا کہ جو بھی فرد اپنی مخلوق کے لئے آسانیاں پیدا کرے گا ،اللہ تعالیٰ اس کے کاموں میں آسانیاں فرمائے گا۔
انہوں نے کہا کہ راولپنڈی میں جس طرح رنگ روڈ سمیت متعدد سڑکوں کے منصوبوں کو پایہ تکمیل تک پہنچایا جارہا ہے ،اس سے عوام کو نہ صرف بہترین سفری سہولیات میسر ہوں گی بلکہ اس ریجن کے باسیوں کو روزگار و کاروبار کے مواقع بھی ملیں گے۔