نئے ہجری سال کا آغاز یکم محرم الحرام27 جون سے ہو نیکا امکان ہے،خالد اعجاز مفتی

5

لاہور۔21جون (اے پی پی):سیکرٹری جنرل مرکزی رویت ہلال ریسرچ کونسل خالد اعجاز مفتی نے کہا ہے کہ نئے ہجری سال 1447ھ کا آغاز یکم محرم الحرام 27 جون سے ہو نے کا امکان ہے ،06جولائی بروز اتوار ملک بھر میں یوم عاشور روایتی مذہبی جوش و خروش اور عقیدت و احترام سے منایا جائے گا۔سیکرٹری جنرل مرکزی رویت ہلال ریسرچ کونسل نے امکان ظا ہر کیا ہے کہ نیا چاند بروز بدھ25 جون کو پاکستانی وقت کے مطابق بعد دوپہر 3 بج کر 32 منٹ پر پیدا ہو گا،29 ذی الحجہ یعنی جمعرات 26 جون 2025کی شام غروبِ آفتاب کے وقت چاند کی عمر جو کم از کم 18 گھنٹوں سے زائد ہونی چاہیے، وہ عمر پاکستان کے تمام علاقوں میں ساڑھے 27 گھنٹوں سے بھی زائد ہو چکی ہو گی۔ خالد اعجاز مفتی نے کہا کہ دوسری جانب غروبِ شمس اور غروبِ قمر کے درمیان فرق جو کم از کم 40 منٹ ہونا چاہیے،وہ فرق کراچی میں 74 منٹ ، جیوانی میں 75 منٹ ، کوئٹہ اور لاہور میں 76 منٹ ہوگا، اسی طرح اسلام آباد ، چارسدہ ، پشاور اور مظفر آباد میں 77 منٹ جبکہ گلگت میں 78 منٹ ہو گا۔ خالد اعجاز مفتی نے کہا کہ پاکستان کے جس حصے میں بھی مطلع صاف ہوا تو وہاں ہلال کی رویت آسانی سے ہو جائے گی۔