نائب وزیراعظم اسحاق ڈار سے روس کے سفیر کی ملاقات، علاقائی صورتحال پرتبادلہ خیال

نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار سے پاکستان میں روس کے سفیر البرٹ خوروف نے منگل کو یہاں ملاقات کی

اسلام آباد۔18اگست (اے پی پی):نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار سے پاکستان میں روس کے سفیر البرٹ خوروف نے منگل کو یہاں ملاقات کی۔ دفتر خارجہ کے مطابق ملاقات کے دوران نائب وزیر اعظم نے پاکستان اور روس کے باہمی تعلقات میں مثبت پیش رفت کو سراہتے ہوئے اہم شعبوں میں مسلسل تعاون اور اعلیٰ سطح کے روابط کے تسلسل کی اہمیت پر زور دیا تاکہ پاک-روس تعلقات کو مزید مضبوط بنایا جاسکے۔ ملاقات میں علاقائی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ نائب وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کا مستقل موقف ہے کہ اختلافات کے حل اور علاقائی امن و استحکام کے فروغ کے لیے بات چیت اور سفارت کاری ہی آگے بڑھنے کا واحد راستہ ہیں۔