نائب وزیراعظم اسحاق ڈار شنگھائی تعاون تنظیم کے وزرائے خارجہ کے اجلاس میں شرکت کے لئے قزاخستان پہنچ گئے

124

آستانہ۔20مئی (اے پی پی):نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کی کونسل برائے وزرائے خارجہ کے اجلاس میں شرکت کے لئے قزاخستان کے شہر آستانہ پہنچ گئے۔ دفتر خارجہ کے مطابق وزیر خارجہ کا استقبال وزارت خارجہ کے ڈائریکٹر نورسلیم علی یرگلیم، آستانہ میں پاکستان کے سفیر نعمان بشیر بھٹی اور پاکستان کے نیشنل کوآرڈینیٹر (ایس سی او) سفیر مرغوب سلیم نے کیا۔

آستانہ میں نائب وزیراعظم سینیٹر محمد اسحاق ڈار قزاخستان کے وزیر خارجہ سے ملاقات کریں گے اور دو طرفہ تعاون کے شعبوں پر تبادلہ خیال کریں گے۔ نائب وزیراعظم کی کرغز جمہوریہ کے وزیر خارجہ جین بیک کلوبایف سے آستانہ میں ملاقات کا بھی اہتمام کیا گیا ہے۔ ملاقات میں پاکستانی طلباءکی فلاح و بہبود کو یقینی بنانے کے لئے بشکیک کی تازہ ترین صورتحال پر تبادلہ خیال کیا جائے گا ۔