ڈھاکہ ۔24اگست (اے پی پی):نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے بنگلہ دیش کے چیف ایڈوائزر پروفیسر محمد یونس سے ملاقات کی،ملاقات کے دوران دونوں ممالک کے درمیان پرانے تعلقات کی بحالی، نوجوانوں کے درمیان روابط کے فروغ سمیت تجارتی و اقتصادی تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔
اتوار کو دفتر خارجہ سے جاری بیان کے مطابق نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے ڈھاکہ میں بنگلہ دیش کے چیف ایڈوائزر پروفیسر محمد یونس سے ملاقات کی، ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے خطے میں حالیہ پیش رفت اور علاقائی تعاون کے امکانات پر گفتگو کی ۔
نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے وزیراعظم پاکستان محمد شہباز شریف کی جانب سے چیف ایڈوائزر کے لیے نیک خواہشات کا پیغام پہنچایا۔ انہوں نے چیف ایڈوائزر کو ڈھاکہ میں اپنی مصروفیات اور دورے کے اہم نتائج سے بھی آگاہ کیا۔ انہوں نے دورے کے دوران بہترین انتظامات اور ان کے وفد کی شاندار میزبانی پر چیف ایڈوائزر کا شکریہ ادا کیا۔