آستانہ ۔21مئی (اے پی پی):نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے آستانہ میں شنگھائی تعاون تنظیم کے وزرائے خارجہ کی کونسل کے اجلاس کے موقع پر قازقستان کے وزیر خارجہ مرات ابوگالی نورتیلو سے ملاقات کی۔ نائب وزیراعظم نے دو طرفہ تعلقات اور علاقائی رابطوں کے منصوبوں کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا۔
انہوں نے ایس سی او ہیڈز آف سٹیٹ کونسل کی صدارت کے دوران قازقستان کے لئے پاکستان کی مکمل حمایت سے آگاہ کیا۔ نائب وزیراعظم نے شنگھائی تعاون تنظیم کے خطے کی خوشحالی اور ترقی کے لئے علاقائی رابطوں کو بڑھانے پر زور دیا۔
دونوں نائب وزرائے اعظم نے پاکستان اور قازقستان تعلقات کی حقیقی صلاحیتوں سے فائدہ اٹھانے کے لئے مختلف ادارہ جاتی میکانزم کے باقاعدہ اجلاس کی اہمیت پر زور دیا۔ نائب وزیراعظم نے تجارت، علاقائی روابط اور سیاحت کے شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مضبوط بنانے پر اتفاق کیا۔