
لندن۔5ستمبر (اے پی پی):نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار نے جمعرات کو یہاں برطانیہ کی نائب وزیراعظم اور سیکرٹری آف سٹیٹ برائے ہاؤسنگ، کمیونٹیز اور لوکل گورنمنٹ انجیلا رینر سے ملاقات کی، نائب وزیراعظم برطانیہ کے سرکاری دورے پر ہیں۔
نائب وزیراعظم محمد اسحاق ڈار نے برطانوی نائب وزیراعظم کو ان کی تقرری پر مبارکباد دی۔ اس موقع پر نائب وزیر اعظم سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے دوطرفہ اور علاقائی ڈومینز میں دونوں ممالک کے مشترکہ مفادات کو آگے بڑھانے کے لئے مضبوط پاکستان۔ برطانیہ شراکت داری کی اہمیت پر زور دیا۔ نائب وزیراعظم نے دونوں ممالک کے درمیان دیرینہ تعلقات کو مزید فروغ دینے کے لئے پاکستانی نژاد برطانوی شہریوں کے تعاون اور 2022 کے سیلاب کے بعد برطانیہ کی نائب وزیر اعظم انجیلا رینر کے دورہ پاکستان کو سراہا۔
نائب وزیر اعظم نے موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے اور موسمیاتی خطرات سے دوچار ممالک کے لئے بین الاقوامی امداد کو متحرک کرنے کے لئے برطانیہ کے ساتھ مل کر کام کرنے کی پاکستان کی خواہش کا اعادہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کے لئے مواقع پیدا کرنا اور دو طرفہ تجارت اور سرمایہ کاری کو بڑھانا دونوں حکومتوں کی مشترکہ ترجیحات ہیں۔ نائب وزیر اعظم نے پاکستانی برآمدات تک برطانیہ کی مسلسل ڈیوٹی فری رسائی کو بھی سراہا۔
برطانیہ کی نائب وزیراعظم انجیلا رینر نے نائب وزیر اعظم سینیٹر محمد اسحاق ڈار کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں پاکستان کی غیر مستقل رکنیت کے انتخاب پر مبارکباد دی۔ برطانوی نائب وزیراعظم نے دونوں ممالک کو ایک دوسرے کے قریب لانے میں برٹش پاکستانی کمیونٹی کے کردار کا اعتراف کیا۔