نائب وزیراعظم سینیٹر محمد اسحاق ڈار سے وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی ملاقات

144

اسلام آباد۔15جنوری (اے پی پی):نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار سے وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے بدھ کو یہاں ملاقات کی، رکن قومی اسمبلی سید نوید قمر، وزیر منصوبہ بندی سندھ، چیف سیکرٹری سندھ، چیئرمین پی اینڈ ڈی سندھ اور سیکرٹری خزانہ سندھ بھی اس موقع پر ان کے ہمراہ تھے۔ نائب وزیر اعظم کے آفس سے جاری بیان کے مطابق اجلاس میں وزیر خزانہ محمد اورنگزیب اور متعلقہ وفاقی ڈویژنز کے سیکرٹریز نے بھی شرکت کی۔

ملاقات کے دوران سندھ کے پبلک سیکٹر ڈویلپمنٹ پروگرام میں شامل جاری ترقیاتی منصوبوں کا تفصیل سے جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں نظرثانی شدہ منصوبوں کیلئے مختص، عمل آوری اور منظوری سے متعلق امور پر غور کیا گیا جن میں خاص طور پر سڑک کے رابطے، پانی کے ذخیرے، سکولوں کے انفراسٹرکچر اور ہائوسنگ سے متعلق منصوبے شامل ہیں۔ ایسے منصوبوں کی منظوری اور عمل درآمد کی صورتحال پر تفصیل سے تبادلہ خیال کیا گیا۔

اجلاس میں اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ منظور شدہ لاگت کے اندر منصوبوں کی بروقت تکمیل صوبہ سندھ کی ترقی اور آبادی کی بہتری کے لیے ناگزیر ہے۔ نائب وزیراعظم نے وزیر اعلیٰ کو وفاقی حکومت کے تمام منظور شدہ منصوبوں کے لیے فنڈز کے مکمل اور بروقت اجراء کو یقینی بنانے کے عزم کا یقین دلایا۔

انہوں نے اس بات کا بھی یقین دلایا کہ جاری منصوبوں کی لاگت میں کسی بھی قسم کے اضافے پر فیصلہ کے لیے سی ڈی ڈبلیو پی اور ایکنیک کی جانب سے تیزی سے غور کیا جائے گا۔