نیویارک/اسلام آباد۔19فروری (اے پی پی):نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے نیویارک میں ہنگری کے وزیر خارجہ اور وزیر تجارت پیٹر سیجارتو سے ملاقات کی۔ دفتر خارجہ کے مطابق ملاقات کے دوران پاکستان اور ہنگری کے وزراء خارجہ نے دونوں ممالک کے درمیان دیرینہ اور کثیر جہتی تعلقات بشمول دوطرفہ اور کثیرالجہتی تعاون کی تعریف کی۔ انہوں نے دوطرفہ تجارتی اور اقتصادی تعلقات کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔
انہوں نے 6 اور7 فروری کو اسلام آباد میں منعقدہ پاکستان ہنگری مشترکہ کمیشن برائے اقتصادی تعاون کے تیسرے اجلاس کے کامیاب اختتام کا بھی خیرمقدم کیا۔ دونوں ممالک کے درمیان سفارتی تعلقات کے قیام کی 60 ویں سالگرہ کے موقع پر نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ نے اس امید کا اظہار کیا کہ ہنگری کے وزیر خارجہ کی جلد پاکستان میں میزبانی کی جائے گی۔
دونوں رہنمائوں نے باہمی دلچسپی کے علاقائی اور عالمی امور پر بھی تبادلہ خیال کیا اور بین الاقوامی امن اور پائیدار ترقی کے مشترکہ اہداف کو فروغ دینے کے لیے اقوام متحدہ سمیت کثیرالجہتی فورمز پر تعاون کو مزید بڑھانے پر اتفاق کیا۔