41 C
Islamabad
منگل, مئی 20, 2025
ہومتازہ تریننائب وزیراعظم سینیٹر اسحاق ڈار کی چینی حکمران جماعت کے عہدیدار وزیر...

نائب وزیراعظم سینیٹر اسحاق ڈار کی چینی حکمران جماعت کے عہدیدار وزیر لیو جیان چاو سے ملاقات، علاقائی صورتحال پر تبادلہ خیال 

- Advertisement -

اسلام آباد۔20مئی (اے پی پی):نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے منگل کو چین کی کمیونسٹ پارٹی کے بین الاقوامی محکمہ کے وزیر لیو جیان چاو سے بیجنگ میں ملاقات کی۔ دفتر خارجہ کے مطابق ملاقات میں دونوں فریقین نے پاکستان اور بھارت کے درمیان جنگ بندی کے بعد کی علاقائی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا اور علاقائی امن و استحکام کو برقرار رکھنے کے لئے اقوام متحدہ کے چارٹر اور بین الاقوامی قانون کے اصولوں اور مقاصد کی پاسداری پر زور دیا۔

پاکستان کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے لئے چین کی حمایت کو سراہتے ہوئے نائب وزیر اعظم نے اپنی سرزمین اور عوام کے دفاع کے حق اور صلاحیت کی تصدیق کرتے ہوئے پرامن ہمسائیگی کے لئے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔ نائب وزیر اعظم نے بین الاقوامی برادری پر زور دیا کہ وہ سندھ طاس معاہدے کو منسوخ کرنے کے بھارت کے یکطرفہ اور غیر قانونی فیصلے کا نوٹس لے۔ انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر کے تنازع کا اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق حل جنوبی ایشیا میں دیرپا امن کے لئے ناگزیر ہے۔

- Advertisement -

نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ نے چین کی کیمونسٹ پارٹی اور پاکستان کی سیاسی جماعتوں کے درمیان تبادلوں کو آسان بنانے میں آئی ڈی سی پی سی کے اہم کردار کو سراہا۔ پاکستان چین سفارتی تعلقات کے قیام کی 74 ویں سالگرہ کے موقع پر دونوں فریقین نے پاک چین دوستی کی منفرد نوعیت کو اجاگر کیا اور اسے دونوں ممالک کی نوجوان نسل تک پہنچانے کے لئے کوششیں جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔

 

 

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=599135

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں