نائب وزیراعظم سینیٹر محمد اسحاق ڈار 7 مارچ کو جدہ میں او آئی سی وزرائے خارجہ کی کونسل کے غیر معمولی اجلاس میں شرکت کریں گے، دفتر خارجہ

134
Foreign Office
Foreign Office

اسلام آباد۔4مارچ (اے پی پی):نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈاراو آئی سی وزرائے خارجہ کی کونسل کے غیر معمولی اجلاس میں شرکت کے لیے سعودی عرب جائیں گے، اجلاس7 مارچ کو جدہ میں ہوگا۔ منگل کو دفتر خارجہ کے مطابق اعلیٰ سطحی اجلاس میں او آئی سی کے رکن ممالک کے وزرائے خارجہ اور اعلیٰ حکام شریک ہونگے تاکہ وہ فلسطین میں جاری اسرائیلی جارحیت، فلسطینیوں کے حقوق کی خلاف ورزیوں اور ان کی نقل مکانی کے مطالبات کی وجہ سے فلسطین میں بگڑتے ہوئے حالات کے جواب میں مشترکہ اقدامات پر تبادلہ خیال کرسکیں۔

بیان کے مطابق پاکستان نے فلسطین کاز کے مضبوط حامی کے طور پر اس مسئلہ کو مختلف بین الاقوامی پلیٹ فارمز پر مسلسل اجاگر کیا ہے۔ نائب وزیراعظم او آئی سی وزرائے خارجہ کی کونسل کے آئندہ اجلاس میں فلسطینی کاز کے لیے پاکستان کی ثابت قدم حمایت کا اعادہ اور اس کے اصولی موقف پر زور دیں گے۔

وہ یروشلم سمیت تمام مقبوضہ علاقوں سے اسرائیل کے مکمل انخلاءکی وکالت، فلسطینیوں کو مزید بے گھر کرنے کی ناقابل قبول تجویز کی مذمت اور فلسطینی عوام کے ناقابل تنسیخ حقوق کی بحالی بشمول ان کے وطن واپس جانے کے حق اور ایک قابل عمل، متصل اور جون 1967 سے قبل کی سرحدوں پر مشتمل خودمختار فلسطینی ریاست کے قیام جس کا دارالحکومت القدس الشریف ہو کا مطالبہ کریں گے۔

نائب وزیراعظم کی او آئی سی وزرائے خارجہ کی کونسل کے اجلاس کے موقع پر او آئی سی کے اہم رکن ممالک کے ہم منصبوں کے ساتھ دو طرفہ ملاقاتیں متوقع ہیں۔