نائب وزیراعظم محمد اسحاق ڈار نیویارک کے تین روزہ دورے کے بعد اسلام آباد روانہ ہوگئے

154
نائب وزیراعظم اسحاق ڈار4مارچ کوکمپیٹیشن کمیشن کے نئے ہیڈآفس کا سنگ بنیاد رکھیں گے

نیویارک۔20فروری (اے پی پی):نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نیویارک کے تین روزہ دورے کے بعد اسلام آباد روانہ ہوگئے۔ دورہ کے دوران انہوں نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں کثیرالجہتی اور گلوبل گورننس پر ہونے والے اعلیٰ سطح کے اجلاس میں شرکت کی جس کا انعقاد چین نے کیا تھا۔ نائب وزیراعظم نے دورہ امریکہ میں اقوام متحدہ کے ہیڈ کوارٹرز میں او آئی سی کے سفیروں کے اجلاس سے بھی خطاب کیا۔

اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوٹیرس اور چین کے وزیر خارجہ وانگ یی سے بھی بات چیت کی۔ نائب وزیراعظم سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے سعودی عرب اور ہنگری کے اعلیٰ حکام کے ساتھ مشرق وسطیٰ کے بحران، غزہ کی سنگین انسانی صورتحال اور تباہ شدہ علاقہ کی تعمیر نو سمیت اہم امور پر بات چیت کی۔ انہوں نے پاکستانی کمیونٹی سے بھی خطاب کیا اور ان کے مسائل کے بارے میں ان کے سوالات کے جوابات دیئے۔

انہوں نے پاکستانیوں پر زور دیا کہ وہ ترسیلات زر وطن بھیجیں اور اپنے وطن کے منصوبوں میں سرمایہ کاری کریں۔ دورہ کے اختتام پر نائب وزیراعظم محمد اسحاق ڈار کواقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل نمائندہ منیر اکرم ، متبادل مستقل نمائندہ عاصم افتخار احمد، امریکہ میں پاکستان کے سفیر رضوان سعید شیخ، اقوام متحدہ میں نائب مستقل مندوب عثمان جدون، نیویارک میں قونصل جنرل عامر احمد اتوزئی اور دیگر حکام نے رخصت کیا۔