اسلام آباد۔22مئی (اے پی پی):بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے مشرق وسطیٰ و وسطی ایشیا کے شعبے کے ڈائریکٹر جہاد اظہور کی قیادت میں ایک وفد نے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار سے ملاقات کی۔ ملاقات میں معاون خصوصی برائے وزیراعظم طارق باجوہ، سیکریٹری خزانہ، ایف بی آر اور وزارت خارجہ کے حکام بھی شریک تھے۔
ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ نے توسیعی فنڈ سہولت (ای ایف ایف) کے تحت پہلے جائزے کی کامیاب تکمیل پر اطمینان کا اظہار کیا اور پاکستان کے ساتھ مسلسل تعاون پر آئی ایم ایف کا شکریہ ادا کیا جس میں ریذیلینس اینڈ سسٹین ایبلیٹی فیسلٹی (آر ایس ایف) بھی شامل ہے۔
انہوں نے پائیدار میکرو اکنامک استحکام حاصل کرنے، کلیدی ساختی اصلاحات نافذ کرنے اور طویل مدتی جامع اقتصادی ترقی کو فروغ دینے کے لیے پاکستان کے مضبوط عزم کا اعادہ کیا۔ آئی ایم ایف کے وفد نے پاکستان کی جاری اصلاحاتی کوششوں کو سراہا اور پاکستان کے اقتصادی ترقی کے ایجنڈے کے لیے فنڈ کے مسلسل تعاون کی یقین دہانی کروائی۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=600417