جدہ۔26اگست (اے پی پی):نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے مصر، الجزائر اورشمالی افریقہ کے ممالک کے ساتھ مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دینے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔دفترخارجہ سے جاری بیان کے مطابق نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار کی مصر کے وزیر خارجہ بدر عبدلطی اور الجزائر کے وزیر خارجہ احمد عطاف کے ساتھ او آئی سی وزرائے خارجہ کونسل کے 21 ویں اجلاس کے موقع پر ملاقات ہوئی ۔
نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار نے کہاکہ ہم نےفلسطین کی سنگین صورتحال پر تبادلہ خیال کیا ہے اوراس مشکل وقت میں مسلم امہ کے درمیان اتحاد کی اہمیت کو اجاگرکرتے ہوئے انسانی ہمدردی کی بنیاد پر رسائی، جنگ بندی اور دیرپا امن کی فوری ضرورت پر زور دیا ہے ۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ انہوں نے مصر، الجزائر اورشمالی افریقہ کے اپنے برادر ممالک کے ساتھ مختلف شعبوں میں بہتر رابطے اور وسیع تر تعاون کے ذریعے تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔