اسلام آباد۔1ستمبر (اے پی پی):نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے افغانستان میں تباہ کن زلزلے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے پاکستان کے عوام اور حکومت کی جانب سے متاثرہ خاندانوں سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا ہے ۔ پیر کو دفتر خارجہ سے جاری بیان کے مطابق نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے افغانستان کےقائم مقام وزیر خارجہ امیر خان متقی کو فون کیا اور افغانستان میں گزشتہ رات آنے والے زلزلے کے نتیجے میں قیمتی جانوں کے ضیاع اور ہزاروں افراد کے زخمی ہونے پر تعزیت کا اظہار کیا۔انہوں نے متاثرین اور سوگوار خاندانوں کے لیے دعا کی، افغان عوام کے ساتھ پاکستان کی یکجہتی کا اعادہ کیا اور اس بات کا یقین دلایا کہ افغان حکومت کی ضرورت کے مطابق ہرممکن مدد فراہم کرنے کے لیے تیار ہیں۔