اسلام آباد۔2ستمبر (اے پی پی):نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار کو یورپی یونین کی اعلیٰ نمائندہ/نائب صدر کاجا کالاس نے فون کیا اور سیلاب سے ہونے والے نقصانات پر اظہار یکجہتی کرتے ہوئے امداد اور بحالی کی کاوشوں میں یورپی یونین کی طرف سے حمایت کا یقین دلایا۔منگل کو دفتر خارجہ سے جاری بیان کے مطابق یورپی یونین کی اعلیٰ نمائندہ/نائب صدر نے سیلاب سے المناک جانی نقصان پر تعزیت کا اظہار کیا اور متاثرین و ان کے اہلِخانہ کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کیا۔
انہوں نے پاکستان کی امدادی اور بحالی کی کوششوں کے لئے یورپی یونین کی حمایت کی بھی یقین دہانی کرائی۔نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے اظہارِ یکجہتی اور تعاون پر ان کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ پاکستان ان ممالک میں شامل ہے جو موسمیاتی تبدیلی کے بحران سے سب سے زیادہ متاثر ہیں۔انہوں نے پاکستان اور یورپی یونین کے تعلقات میں بڑھتی ہوئی پیشرفت پر اطمینان کا اظہار کیا اور اس عزم کا اعادہ کیا کہ باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں بالخصوص موسمیاتی اقدامات، لچک پیدا کرنے اور پائیدار بحالی میں تعاون کو مزید مستحکم کیا جائے گا۔