نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ کی زیر صدارت کابینہ کمیٹی کا اجلاس، کاٹن پلان 26-2025 کا تفصیلی جائزہ لیا گیا

83

اسلام آباد۔9جولائی (اے پی پی):نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے قومی معیشت میں کپاس کے مرکزی کردار کی بحالی اور کاشتکاروں کےلئے فصل کے منافع کو بہتر بنانے کےلئے مربوط اور قابل عمل اقدامات کی ضرورت پر زور دیا ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے بدھ کو یہاں جاری پریس ریلیز کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے ضروری اور نقد آور فصلوں سے متعلق کابینہ کمیٹی کے تیسرے اجلاس کی صدارت کے دوران کیا۔

اجلاس کے دوران کمیٹی نے کاٹن پلان 26-2025 کا تفصیلی جائزہ لیا اور پاکستان میں کپاس کے شعبے کی بحالی کے لئے ضروری اور فوری ، وسط و طویل المدتی پالیسی اقدامات پر خصوصی غور کیا۔ وزارت نیشنل فوڈ سکیورٹی اینڈ ریسرچ کو ہدایت کی گئی کہ آئندہ ہفتے فالو اپ اجلاس بلایاجائے جس میں کاٹن ویلیو چین کے متعلق تمام سرکاری اور نجی شعبے کے شراکت داروں کو شرکت کی دعوت دی جائے اور سفارشات پرموثر عملدرآمد کو یقینی بنانے کےلئے قابل عمل تجاویز بھی پیش کی جائیں۔

کمیٹی نے 2025 کےلئے گندم کے پیداواری تخمینہ جات ، کیری فارورڈ سٹاک اور سال 26-2025 کےلئے گندم کی قومی ضروریات کا بھی جائزہ لیا اور کہا کہ گندم کی آئندہ کٹائی تک قومی طلب کو پورا کرنے کےلئے گندم کا وافر ذخیرہ موجود رہے۔ اجلاس میں وزارت قومی غذائی تحفظ و تحقیق ، خزانہ اور منصوبہ بندی کے وزرا ، وزیر اعظم کے معاون خصوصی طارق باجوہ سمیت وزارت قومی غذائی تحفظ و تحقیق ، وزارت تجارت اور ایف بی آر کے اعلیٰ حکام نے بھی شرکت کی۔