نیویارک۔22جولائی (اے پی پی):نائب وزیرِ اعظم و وزیرِ خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں پاکستان کی صدارت کے تحت کھلے مباحثے کے موقع پر برطانیہ کے وزیر برائے افریقی امور، اقوام متحدہ، کامن ویلتھ اور کثیرالجہتی امور لارڈ کولنز آف ہائیبری سے ملاقات کی۔ترجمان دفتر خارجہ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق دونوں رہنماؤں نے معیشت، تجارت اور پارلیمانی روابط میں پاکستان اور برطانیہ کے درمیان تعاون کو مزید گہرا کرنے کے عزم کا اعادہ کیا اور برطانیہ میں مقیم پاکستانی برادری کے تعمیری کردار کو سراہا،
کثیرالجہتی امور کے حوالے سے لارڈ کولنز نے سلامتی کونسل کی صدارت کے دوران پاکستان کی جانب سے تنازعات کے حل کے نظام کو مضبوط بنانے کی کوششوں کا خیرمقدم کیا۔دونوں رہنماؤں نے مقبوضہ جموں و کشمیر کی صورتِ حال سمیت علاقائی اور بین الاقوامی امور پر تبادلہ خیال کیا ۔ انہوں نے غزہ میں جاری انسانی بحران پر بھی گہری تشویش کا اظہار کیا اور 28 جولائی کو ہونے والی ’’دو ریاستی حل‘‘ پر بین الاقوامی کانفرنس کی اہمیت پر زور دیا۔