اسلام آباد۔13جون (اے پی پی):نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار نے ایران پر بلا جواز اسرائیلی حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے ایران کی خودمختاری کی خلاف ورزی قرار دیا ہے۔ نائب وزیراعظم نے جمعہ کو سماجی رابطہ کے پلیٹ فارم ”ایکس“ پر ایک بیان میں کہا کہ اس گھنائونے اقدام نے بین الاقوامی قانون کی بنیادوں اور انسانیت کے ضمیر کو بھی ہلا کر رکھ دیا ہے۔
نائب وزیر اعظم نے کہا کہ اسرائیلی حملوں نے علاقائی استحکام اور بین الاقوامی سلامتی کو بھی شدید نقصان پہنچایا ہے۔ سینیٹر اسحاق ڈار نے اس بات کا اعادہ کیا کہ پاکستان ایران کی حکومت اور عوام کے ساتھ یکجہتی کے ساتھ کھڑا ہے۔
اس سے قبل دفتر خارجہ کے ترجمان نے بھی کہا تھا کہ اسرائیلی حملے ایران کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی خلاف ورزی کے ساتھ ساتھ واضح طور پر اقوام متحدہ کے چارٹر اور بین الاقوامی قوانین کے بنیادی اصولوں کی خلاف ورزی ہیں۔ دفتر خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ اقوام متحدہ کے چارٹر کے آرٹیکل 51 کے تحت ایران کو اپنے دفاع کا حق حاصل ہے۔