اسلام آباد۔9مئی (اے پی پی):نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے ناروے کے وزیر خارجہ ایسپین بارتھ ایدے سے ٹیلیفونک گفتگو کی۔ جمعہ کو دفتر خارجہ کے مطابق نائب وزیراعظم نے انہیں پاکستان کے متعدد شہروں پر بھارت کے غیر قانونی اور بلا اشتعال حملوں سے بگڑتی ہوئی علاقائی صورتحال سے آگاہ کیا جس کے نتیجے میں خواتین، بچوں اور معمر افراد سمیت بے گناہ شہریوں کی شہادت ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے بین الاقوامی قوانین اور اقوام متحدہ کے چارٹر کی ان خلاف ورزیوں جن سے علاقائی امن و سلامتی کو خطرہ ہے، پر تحمل کا مظاہرہ کیا ہے ۔
سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے کہا کہ حکومت پاکستان ملک کی خود مختاری اور علاقائی سالمیت کے دفاع کے لئے پرعزم ہے۔ناروے کے وزیر خارجہ ایسپین بارتھ ایدے نے جاری کشیدگی پر گہری تشویش کا اظہار کیا اور شہریوں کےالمناک جانی نقصان پر تعزیت کا اظہار کیا۔ انہوں نے پاکستان کی طرف سے تحمل کا مظاہرہ کرنے کو سراہا اور مزید تنازعات سے بچنے کے لئے کشیدگی میں کمی اور سفارت کاری کے حصول کی فوری ضرورت پر زور دیا۔
دونوں رہنمائوں نے دوطرفہ تعلقات پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ وزیر خارجہ نے ناروے کے سماجی و اقتصادی شعبوں میں پاکستانی تارکین وطن کی مثبت شراکت کا اعتراف کیا۔ دونوں اطراف نے دوطرفہ تعاون کو مزید مضبوط بنانے اور بدلتی ہوئی صورتحال پر قریبی رابطے میں رہنے کے عزم کا بھی اعادہ کیا۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=594745