اسلام آباد۔5مئی (اے پی پی):نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے بنگلہ دیش کے مشیر خارجہ امور محمد توحید حسین کے ساتھ ٹیلی فون پر بات چیت کی۔نائب وزیراعظم اور وزیرخارجہ اسحاق ڈار نے بنگلہ دیشی مشیر خارجہ کو بھارت کے بے بنیاد الزامات اور یکطرفہ اقدامات بشمول سندھ طاس معاہدہ کی شقوں کو معطل کرنے کے فیصلے کے نتیجہ میں خطے میں بڑھتے ہوئے تناؤ بارے آگاہ کیا۔
دفتر خارجہ کے ترجمان کی طرف سے جاری پریس ریلیز کےمطابق بنگلہ دیش کے مشیر خارجہ امور نے موجودہ صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا اور تمام فریقین کی جانب سے تحمل سے کام لینے پر زور دیتے ہوئے تناؤ میں کمی کی اہمیت کو اجاگر کیا۔
دونوں اطراف نے پاکستان اور بنگلہ دیش کے دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا اور اعلیٰ سطحی رابطوں کو برقرار رکھنے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے علاقائی اور کثیرالجہتی فورمز پر تعاون بڑھانے کے مواقع پر بھی تبادلہ خیال کیا۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=592949