نیویارک۔23جولائی (اے پی پی):نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار سے سعودی وزیر اقتصادیات و منصوبہ بندی فیصل فاضل الابراہیم نے ملاقات کی ۔ دونوں رہنماؤں نے فوڈ سکیورٹی، مینوفیکچرنگ اور کان کنی جیسے اہم شعبوں میں تعاون کو وسعت دینے ، سرمایہ کاری اور تکنیکی تعاون کو آگے بڑھانے پر اتفاق کیا۔ ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق پاکستان کے نائب وزیراعظم سینیٹر اسحاق ڈار نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی صدارت کے دوران اعلیٰ سطحی تقریبات کے موقع پر سعودی وزیر معیشت و منصوبہ بندی فیصل فاضل ابراہیم کے ساتھ ملاقات کی۔
دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور مملکت سعودی عرب کے درمیان بھائی چارے پر مبنی تعلقات اور پائیدار امن، جامع خوشحالی اور علاقائی ہم آہنگی کے مشترکہ وژن کے عزم کا اعادہ کیا۔ تبادلہ خیال کے دوران فوڈ سکیورٹی، مینوفیکچرنگ اور کان کنی جیسے اہم شعبوں میں تعاون کو وسعت دینے پر توجہ مرکوز رہی۔ نیز دونوں ممالک کے باہمی فائدے کے لئے سرمایہ کاری اور تکنیکی تعاون کو آگے بڑھانے پر بھی اتفاق کیا گیا۔