اسلام آباد۔18اپریل (اے پی پی):نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار سے پاکستان کے سرکاری دورے پر آئے ہوئے شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے سیکرٹری جنرل نورلان یرمیک بائیف نے جمعہ کو یہاں ملاقات کی۔ نائب وزیر اعظم نے یرمیک بائیف کو ایس سی او کے نئے سیکرٹری جنرل کے طور پر اپنی ذمہ داریاں سنبھالنے پر مبارکباد دی اور انہیں شنگھائی تعاون تنظیم کے سیکرٹریٹ کے لیے پاکستان کی جانب سے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔
دفتر خارجہ کے مطابق نائب وزیراعظم نے شنگھائی تعاون تنظیم کے رکن ممالک کے ساتھ پاکستان کے قریبی تعلقات پر زور دیتے ہوئے شنگھائی جذبے کو برقرار رکھنے کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے علاقائی امن و سلامتی کو فروغ دینے کے لیے شنگھائی تعاون تنظیم کی صلاحیت کو سراہا۔
نائب وزیر اعظم محمد اسحاق ڈار نے اس تناظر میں شنگھائی تعاون تنظیم کے میکانزم خاص طور پر دو طرفہ تجارت، ٹرانسپورٹ اور رابطے کے شعبوں میں باہمی طور پر فائدہ مند تعاون کے لیے پاکستان کی تعمیری شمولیت کا اعادہ کیا۔ سیکرٹری جنرل یرمک بائیف نے مہمان نوازی پر پاکستان کا شکریہ ادا کیا اور شنگھائی تعاون تنظیم کی سرگرمیوں میں پاکستان کی فعال شمولیت کو سراہا۔
انہوں نے اکتوبر 2024 میں اسلام آباد میں ایس سی او کے رکن ممالک کے سربراہان حکومت کی کونسل کے اجلاس کی پاکستان کی کامیابی سے میزبانی کو سراہا۔ بیان کے مطابق دونوں معززین نے شنگھائی تعاون تنظیم کی ترجیحات پر مفید تبادلہ خیال کیا۔
انہوں نے ایس سی او کے تحت ٹرانسپورٹیشن اور لاجسٹکس، انرجی سکیورٹی، فوڈ سیکیورٹی، صحت، ای کامرس اور گرین اکانومی کے شعبوں میں تعاون کو آگے بڑھانے کے طریقوں اور ذرائع پر غور کیا۔
ایس سی او 15 جون 2001 سے قائم ایک دس رکنی بین الحکومتی بین علاقائی تنظیم ہے۔ پاکستان 2005 میں ایس سی او آبزرور بنا اور جون 2017 میں مکمل رکنیت حاصل کی۔ پاکستان شنگھائی تعاون تنظیم کے پلیٹ فارم پر علاقائی امن، استحکام اور سماجی و اقتصادی ترقی کا حامی ہے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=584007