نائب وزیر اعظم سینیٹر محمد اسحاق ڈار کی آسیان ڈے کے موقع پر حکومت اور عوام کی جانب سے تنظیم کے رکن ممالک کی حکومتوں اور عوام کو مبارکباد

212

اسلام آباد۔8اگست (اے پی پی):نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے آسیان ڈے کے موقع پر پاکستان کی حکومت اور عوام کی جانب سے تنظیم کے رکن ممالک کی حکومتوں اور عوام کو مبارکباد دیتے ہوئے ان کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔

دفتر خارجہ کے مطابق جمعرات کو جاری پیغام میں نائب وزیراعظم نے کہا کہ میں اس موقعے پر سیکرٹری جنرل ڈاکٹر کاؤ کم ہورن کو ان کی مثالی قیادت اور آسیان ایجنڈے کو آگے بڑھانے میں انتھک کوششوں پر مبارکباد پیش کرنا چاہتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ یہ دن جنوب مشرقی ایشیائی ممالک کے درمیان اتحاد اور تعاون کے پائیدار جذبے کی علامت ہے، آسیان کے دوستوں کے ساتھ مل کر اس سنگ میل کو منانا ایک اعزاز کی بات ہے۔

سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے کہا کہ جنوب مشرقی ایشیائی ممالک کی ایسوسی ایشن (آسیان)علاقائی انضمام اور اجتماعی پیشرفت کے نمونے کے طور پر کھڑی ہے جو اقتصادی ترقی، سماجی ہم آہنگی اور سفارتی مشغولیت میں نمایاں کامیابیوں کا مظہر ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ایشیا پیسفک خطے میں امن، استحکام اور خوشحالی کے فروغ میں آسیان کے اہم کردار کا احترام کرتا ہے،

آسیان ڈے نہ صرف ہمیں علاقائی تعاون کی اہم اہمیت کی یاد دلاتا ہے بلکہ خطے کے بھرپور ثقافتی تنوع اور تاریخی ورثے کو بھی اجاگر کرتا ہے۔ نائب وزیر اعظم نے کہا کہ آسیان کے ساتھ پاکستان کے تعلقات باہمی احترام، عدم مداخلت اور تعمیری مشغولیت کے اصولوں کے لیے مشترکہ عزم پر مبنی ہیں، ہم آسیان کے ڈائیلاگ میکانزم میں ایک فعال پارٹنر رہے ہیں اور تجارت، سرمایہ کاری، تعلیم، ثقافت اور عوامی وفود کے تبادلے جیسے شعبوں میں اپنے تعاون کو مزید گہرا کرنے کی کوشش کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ آسیان کے ساتھ ہمارا تعاون آسیان علاقائی فورم (اے آر ایف)میں ہماری فعال شرکت کے ذریعے مزید مضبوط ہوا، پاکستان ایک پرامن، مستحکم اور خوشحال خطے کی تلاش میں آسیان کے ساتھ اپنی شراکت داری بڑھانے کی اپنی خواہش کا اعادہ کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئیے اس موقعے کو اپنی مشترکہ کامیابی پر غور کرنے اور آسیان کے مشن کی رہنمائی کرنے والے اصولوں کے لیے اپنی وابستگی کی تجدید کریں۔ نائب وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان آسیان کے وژن کی حمایت میں ثابت قدم ہے اور اس کی جاری کامیابی میں اپنا حصہ ڈالنے کا منتظر ہے