اسلام آباد۔10مئی (اے پی پی):نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے ترکیہ کے وزیر خارجہ حاقان فیدان سے ٹیلیفون پر گفتگو کی۔ وزارت خارجہ کی جاری پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار نے ترک وزیر خارجہ کو خطے کی بگڑتی ہوئی صورتحال اور بھارت کی جانب سے مساجد، رہائشی علاقوں اور دیگر مذہبی مقامات پر مسلسل غیر قانونی اور بلا اشتعال حملوں کے بارے میں آگاہ کیا جن کے نتیجے میں معصوم شہریوں کی جانیں ضائع ہوئی ہیں۔ نائب وزیر اعظم نے اس بات کا اعادہ کیا کہ پاکستان کو اقوام متحدہ کے چارٹر اور بین الاقوامی قانون کے تحت اپنی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے دفاع کا حق حاصل ہے۔ترک وزیر خارجہ حاقان فیدان نے جانی نقصان پر افسوس اور پاکستان سے یکجہتی کا اظہار کیا۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=595088