نائب وزیر اعظم محمد اسحاق ڈار کی زیر صدارت اجلاس ، پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے مشترکہ وزارتی کمیشن کے 12 ویں اجلاس کی تیاریوں کا جائزہ لیا گیا

39
Deputy Prime Minister
Deputy Prime Minister

اسلام آباد۔13جون (اے پی پی):نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے ابوظہبی میں پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے مشترکہ وزارتی کمیشن کے آئندہ 12 ویں اجلاس کی تیاریوں کا جائزہ لینے کے لئے جمعہ کو یہاں ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کی۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق اجلاس میں وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے ڈپٹی پرائم منسٹر آفس، وفاقی سیکرٹریز برائے اقتصادی امور، تجارت، میری ٹائم افیئرز، داخلہ، بین الصوبائی رابطہ، قومی ورثہ اور صحت کے علاوہ متعلقہ وزارتوں اور محکموں کے اعلیٰ حکام بشمول وزارت خارجہ، اوورسیز پاکستانی، خزانہ، ریلوے، دفاع اور وزارت تجارت نے شرکت کی۔

اجلاس میں اہم دو طرفہ اقدامات کو آگے بڑھانے، موجودہ شعبوں میں باضابطہ تعاون کے علاوہ تعاون کی نئی راہیں تلاش کرنے اور ترجیحی شعبوں میں باہمی طور پر فائدہ مند متحدہ عرب امارات کی سرمایہ کاری کو راغب کرنے پر بات چیت ہوئی۔ نائب وزیراعظم نے اس موقع پر پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے اقتصادی اور تجارتی تعلقات کو مضبوط بنانے کے لئے پاکستان کے پختہ عزم کا اعادہ کیا۔