اسلام آباد۔28اگست (اے پی پی):نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے بین الحکومتی تجارتی لین دین سے متعلق کابینہ کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کی۔ جمعرات کو دفتر خارجہ سے جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ کمیٹی نے متحدہ عرب امارات کی حکومت کے ساتھ ایک فریم ورک معاہدے کے تحت اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے آپریشنز کی منتقلی کے لئے دونوں حکومتوں (جی ٹو جی) کے ماڈل کے ذریعہ انتظامات کو حتمی شکل دینے کا فیصلہ کیا۔ مذاکراتی کمیٹی کی سربراہی وزیر اعظم کے مشیر برائے نجکاری کریں گے اور اس میں وزارت دفاع، خزانہ، قانون و انصاف اور نجکاری ڈویژن کے نمائندگان شامل ہوں گے۔اجلاس میں وفاقی وزیر برائے پٹرولیم، وزیر اعظم کے مشیر برائے نجکاری، معاون خصوصی طارق باجوہ، متعلقہ وفاقی سیکریٹریز اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی ۔