اسلام آباد۔23مئی (اے پی پی):پاکستان کی کوہ پیما نائلہ کیانی نے کنچن جنگا پہاڑی چوٹی سر کر لی ،وہ یہ کارنامہ سرانجام دینے والی پہلی خاتون کوہ پیما بن گئی ہیں۔کنچن جنگا پہاڑی چوٹی 8,586 میٹر بلند ہے۔اس کے علاوہ نائلہ کیانی 8,000 میٹر سے زیادہ دنیا کی 14 میں سے 12 بلند ترین چوٹیوں کو بھی سر کرنے والی پہلی پاکستانی خاتون ہیں۔
نائلہ کیانی کی ٹیم نے جمعہ کو کہاکہ نائلہ کیانی نے اپنی پہاڑی پر چڑھائی کی اپنی آخری مہم شام کو شروع کی، رات بھر چڑھائی مکمل کرنے کے لئے انتہائی سخت حالات بشمول زیرو درجہ حرارت اور بھاری برف باری کا مقابلہ کیا۔ اس کامیابی نے نائلہ کیانی کو عالمی سطح پر 20 خواتین کے ایک ایلیٹ گروپ میں شامل ہونے کے قریب کر دیا ہے جو "آٹھ ہزار میٹر ” بلند تمام 14 ترین چوٹیاں سر کر چکی ہیں۔
اس کامیابی کے بعد اپنے ایک بیان میں نائلہ کیانی نے کہا کہ یہ صرف ایک ذاتی سنگ میل نہیں ہےبلکہ یہ پاکستان اور اس سے باہر کی ہر لڑکی اور عورت کے لئے پیغام ہے۔ انہوں نے ہر لڑکی اور عورت کے لئے اپنے پیغام میں کہا کہ آپ اپنی سوچ سے زیادہ مضبوط ہیں۔نائلہ کیانی کی اس مہم کو بلقیس اور عبدالرزاق داؤد کی ایک پہل(بی اے آرڈی )فاؤنڈیشن نے سپورٹ کیا جس کا مقصد پاکستانی ٹیلنٹ کو سپورٹ کرنا تھا۔
عبدالرزاق داؤد نے کہا کہ نائلہ کیانی نے جو کامیابی حاصل کی ہے وہ تاریخی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نائلہ کی اس کامیابی کا مقصد ان اقدار کی عکاسی کرتے ہیں ، ہم چیمپئن بنانا چاہتے ہیں۔ایک ایرو اسپیس انجینئر، بینکر، مسابقتی باکسر، دو بچوں کی ماں، اور اے آئی سٹارٹ اپ کی شریک بانی، نائلہ کیانی پاکستان کی سب سے ممتاز خواتین کوہ پیمائوں میں سے ایک کے طور پر ابھری ہیں۔
انہوں نے اس سے قبل پاکستان کا سب سے بڑا شہری اعزاز ستارہ امتیاز بھی حاصل کیا تھا اور اس کے علاوہ انہوں نے اعلیٰ سطح پر ماحولیاتی صفائی اور انسانی ہمدردی کے مشن کی بھی قیادت کی تھی۔اس کی کاوشوں کو کوہ پیمائی کی پوری کمیونٹی سے مبارکباد دی گئی ہے۔ الپائن کلب آف پاکستان (اے سی پی) کے سرپرست میجر جنرل عرفان ارشد اور کلب کے صدر ابو ظفر صادق نے کہاہے کہ ہم نائلہ کیانی کو اس تاریخی کارنامے پر دلی مبارکباد پیش کرتے ہیں۔
وہ تمام پاکستانیوں، خاص طور پر کھیلوں میں خواتین کے لئے تحریک کا ایک مینار ہیں۔اے سی پی کے سیکرٹری کرار حیدری نے کہاکہ یہ پاکستان کے لیے ایک یادگار سنگ میل اور بہت زیادہ قومی فخر کا لمحہ ہے۔ہم اس کی بے مثال ہمت اور استقامت کو سلام پیش کرتے ہیں۔
نائلہ کیانی کے اس کارنامے نے دنیا کے تمام 14 بلند ترین پہاڑوں کو سر کرنے والی پہلی پاکستانی خاتون بننے کی اس کی جستجو میں مزید اضافہ کیا جن میں سے انہوں نے اب تک کی 12 چوٹیوں کو سر کیا ہے ۔نائلہ کیانی جو 12 پہاڑی چوٹیاں سر کر چکی ہیں ان میں ایورسٹ، کے ٹو، براڈ چوٹی، نانگا پربت، گاشربرم اول، گاشربرم II، اناپورنا، لوہتسے، مناسلو، مکالو، چو اویو، اور اب کنچن جنگا شامل ہیں ۔ صرف دو چوٹیاں شیشاپنگما اور دھولاگیری باقی رہ گئی ہیں۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=600503