اسلام آباد ۔ 26 اگست (اے پی پی) وفاقی وزیر بحری امور علی حیدر زیدی نے کہا ہے کہ نااہلی نے کراچی شہر کو تباہ کردیا ہے ۔ بدھ کو سماجی رابطہ کی ویب سائیٹ ٹویٹر پر اپنے ایک پیغام میں انہوں نے کہا کہ کراچی کو نااہلی اور خوشامد نے تباہ کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں نے اس تباہی کی پیش گوئی کی تھی اور سب کو متنبہ کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ میڈیا نے بھی لاکھوں مرتبہ اس بارے میں بات کی لیکن سندھ پر ذمہ داری اور اختیار رکھنے والوں نے سب کو نظرانداز کیا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ انہوں نے کراچی کے عوام کو بتایا تھا کہ سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ براہ راست سندھ حکومت کے ماتحت ہے اور برسات کے دوران جو کچھ بھی ہوا ذمہ داری براہ راست سندھ پر دہائیوں سے حکومت کرنیوالوں کے کندھوں پر ہوگی۔انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے مسلسل 12 سال تک کراچی پر حکمرانی کی تاہم طوفانی نالوں کو صاف نہیں کیا۔ انہوں نے کہا کہ پچھلے سال ہم نے ایف ڈبلیو او کی مدد سے ان نالوں کی صفائی کی، بارش کا پانی آسانی سے بہہ گیااور ڈوبنے والے بہت سے علاقے بچ گئے تھے۔