اسلام آباد۔10جون (اے پی پی):وزیر اعظم عمران خان کےمعاون خصوصی برائے سیاسی ابلاغ ڈاکٹر شہباز گل نے کہا ہے کہ نااہل لیگ نے ملک لوٹنے کے منصوبے بنائے اور بجلی کے مہنگے ترین معاہدے کک بیکس کے لیے کئے گئے۔انہوں نے شہباز شریف کے ٹوئٹ پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ ونڈ پاور پلانٹ کا 21 روپے فی یونٹ کا معاہدہ ن لیگ نے کیا نااہل لیگ کے ظالمانہ معاہدوں کو تحریک انصاف نے نظرثانی کی ۔
گزشتہ حکومتوں نے بجلی کی ترسیل کے نظام پر خرچ نہیں کیا، انکا مزید کہنا تھا کہ تحریک انصاف نے بجٹ 21-2020 میں بجلی کے ترسیلی نظام کو بہتر کرنے کیلئے 80 ارب مختص کیے مسلم لیگ کے دور میں 18 ہزار واٹ ترسیل کا نظام تھا جبکہ تحریک انصاف نے بجلی کے ترسیلی نظام کو 24 ہزار میگا واٹ تک پہنچایا سیاسی بنیادوں پر میٹر ریڈر بھرتی کرنے والے آج بھاشن بازی کر رہے ہیں اور سیاسی شعبدہ بازیوں کے ماہر میاں شہباز آج پروپیگنڈے کے زریعے عوام کو گمراہ کرنے کی ناکام کوشش کر رہے ہیں ۔
شاہد خاقان عباسی کی پریس کانفرنس کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کرپٹ میاں مفرور نے ونڈ پاور پلانٹ کے 21 روپے فی یونٹ کا 30 سالہ معاہدہ کیا ان ظالمانہ معاہدوں سے قومی خزانے کو 6 ہزار کروڑ کا نقصان ہو رہا ہے، انکا مزید یہ کہنا تھا کہ تحریک انصاف نے وہی معاہدے 6 روپے فی یونٹ کر کے قومی خزانے کو اربوں کا فائدہ پہنچایا۔مریم اورنگزیب کے بیان کے درعمل میں شہباز گِل کا کہنا تھا کہ اگر بجلی کی ٹرانسمشن لائنز میں سریا استعمال ہوتا تو ن لیگ بجلی بحران ختم کر چکی ہوتی افسوس کہ ان لائنز سے فائدہ ملکی صنعت اور عام عوام کو ہونا تھا اس لیے اس پر توجہ نہیں دی گئی ٹرانسمیشن کے فرسودہ نظام پر سرمایہ کاری کرنے کی زحمت نہیں کی گئی حکومت اب بجلی گھروں سے کئے گئے آپکے ظالمانہ معاہدے درست کر رہی ہے۔
چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کو جواب دیتے ہوئے ڈاکٹر شہباز گِل نے کہاکہ اخلاقی اور مالی طور پر کرپٹ زرداری ٹولے کی سیاست ذاتی مفادات کے گرد گھومتی ہے مشکوک وصیت کے زریعے بننے والے کاغذی چئیرمین کی کارکردگی بھی کاغذی ہے 2018 میں سندھ تک محدود ہو جانے والی زرداری پارٹی اب صرف لاڑکانہ تک محدود ہو گئی ہے۔
انہوں نے کہاکہ پیپلز پارٹی کا وفاق پر بےجا تنقید سندھ کے ابتر حالات سے توجہ ہٹانے کی ناکام کوشش ہے۔سندھ پر مسلط ٹولے نے سندھ کے شہری و دیہی علاقوں کو یکساں تباہ کیا, 6 دفعہ صوبے اور 4 دفعہ وفاق میں حکومت کرنے والوں نے عوام کو صرف لوٹا ہے اور صوبائی خودمختاری کا راگ الاپنے والوں نے صوبائی خودمختاری کے نام پر لوٹ مار کی۔
انہوں نے مزید کہا کہ میڈیا پر ہر روز ڈرامہ رچانے کی بجائے پرچی چیئرمین کو اپنے کرپشن کا حساب دینا چاہیے بلاول زرداری جے وی اوپل۔225 کیس میں 5 ارب کی منی لانڈرنگ کا حساب کب دینگے؟ پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین 22 نیب انکوائریز اور 6 مقدمات میں ضمانتی زرداری صاحب کے کرپشن میں بھی شریک ہیں۔