نادرا، پاسپورٹ انتظامیہ لوگوں کو تیز رفتار خدمات فراہم کرنے کے لیے موثر اقدامات کریں ،انجینئر امیر مقام

78
پاکستان مسلم لیگ (ن) کی سیاست عوام کی فلاح و بہبود اور پاکستان کی ترقی کے گرد گھومتی ہے ، انجینئر امیر مقام
پاکستان مسلم لیگ (ن) کی سیاست عوام کی فلاح و بہبود اور پاکستان کی ترقی کے گرد گھومتی ہے ، انجینئر امیر مقام

پشاور۔27مئی (اے پی پی):وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی و عوامی امور، انجینئر امیر مقام نے نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) اور خیبر پختونخوا میں امیگریشن اینڈ پاسپورٹ (آئی اینڈ پی) کا دورہ کیا۔نادرا کے ریجنل آفس حیات آباد پشاورمیں ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے امیر مقام نے کہا کہ نادرا ایک منافع بخش قومی ادارہ ہے اور اس کے عملے پر بڑی ذمہ داریاں عائد ہوتی ہیں کہ وہ لگن اور پیشہ ورانہ عزم کے ساتھ لوگوں کی خدمت کریں حکومت کا بنیادی مقصد عوام کو ان کی دہلیز پر سہولتیں فراہم کرنا ہے، ا انہوں نے نادراحکام کوعوام کے لیےسہولت اور تیز خدمات فراہم کرنے کی ہدایت کی۔

انہوں نے مزید کہا کہ وزیر اعظم شہباز شریف کی سیاست پاکستان کے عوام کی فلاح و بہبود کے گرد گھومتی ہےہمارا کوئی ذاتی ایجنڈا نہیں ہے لیکن ہمارا مشن سیاسی وابستگیوں سے قطع نظر لوگوں کو فوری اور یکساں خدمات فراہم کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف اور وزیر اعظم شہباز شریف کی خیبرپختونخوا کے عوام سے خصوصی محبت ہے جو ان کے ہزارہ موٹروے، نواز شریف کڈنی ہسپتال سوات اور چترال میں لواری ٹنل سمیت ان کے میگا پراجیکٹس سے ظاہر ہے۔

انہوں نے کہا کہ متواتر حکومتوں کی جانب سے اس کی تکمیل کے طویل اعلانات کے باوجود لواری ٹنل کئی دہائیوں سے نامکمل رہی اور اس کا سہرا سابق وزیراعظم محمد نواز شریف کو جاتا ہے جنہوں نے اس میگا پراجیکٹ کی تکمیل کے لیے 23 ارب روپے فراہم کیے جس سے عوام کی زندگیوں میں مثبت تبدیلیاں آئیں ہزارہ موٹروے مسلم لیگ ن کی حکومت کا ہزارہ کے عوام کے لیے تحفہ ہے جس نے خیبرپختونخوا میں تجارت، کاروبار اور سیاحت پر مثبت اثرات مرتب کیے ہیں۔

توانائی کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ پی ایم ایل این کی گزشتہ حکومت کے دوران نوشہرہ اور پشاور کے مضافاتی علاقوں کے اکثریتی دیہاتوں کو گیس فراہم کی ہے جبکہ متھنی، بادبیر، ارمڑ، موسیٰ زئی، ہزارخوانی، ڈاک اسماعیل خیل، چراٹ، جلوزئی، امان کوٹ، اور محب بانڈہ میں ریکارڈ منصوبے مکمل کیے۔ انہوں نے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں کا اعلان کرنا آسان ہے لیکن اس کی عملی تکمیل مشکل تھی کیونکہ اس کے لیے زیادہ وقت اور محنت درکار تھی۔

انہوں نے مزید کہا کہ پی ایم ایل کاملک میں موٹرویز کا نیٹ ورک قائم کرنے پر فخر ہے۔ امیر مقام نے کہا کہ نادرا رجسٹریشن سنٹر (این آر سی) متھنی پر 95 فیصد کام مکمل ہو چکا ہے اور جلد اس کا افتتاح کیا جائے گا۔ ڈائریکٹر جنرل نادرا کے پی سہیل جہانگیر، نے بریفنگ دیتے ہوے بتایاکہ منڈا، متھنی، پیر بابا، توروارسک، ڈی آئی خان، واری، برول اور ایبٹ آباد میں 10 نئے این آر سیز افتتاح کے لیے تیار ہیں جبکہ 31 نئے منظور کیے گئے ہیں اس کے علاوہ 17 این آر سیز کا قیام پائپ لائنوں میں ہے۔ سہیل جہانگیر نے بتایا کہ خیبرپختونخوا میں کمپیوٹرائزڈ شناختی کارڈز کی رجسٹریشن کے لیے دوسری شفٹ شروع کر دی گئی ہے جہاں شام سے صبح 10 بجے تک لوگوں کو نئے شناختی کارڈ جاری کیے جا رہے ہیں۔

بعد ازاں امیر مقام نےامیگریشن اینڈ پاسپورٹ حیات آباد کے زونل ہیڈ کوارٹر کا دورہ کیا اور اس کے مختلف سیکشنز، ون ونڈو آپریشن کا معائنہ کیا اور لوگوں سے ملاقات کی۔ انہوں نے امیگریشن اور پاسپورٹ انتظامیہ کو ہدایات دیتے ہوے کہا کہ وہ خوازہ خیلہ اپر سوات اور تخت بھائی مردان میں لوگوں کی سہولت کے لیے دفاتر قائم کریں جبکہ الپوری شانگلہ، ٹانک، اپر دیر، بٹ خیلہ، ہنگو میں پاسپورٹ دفاتر میں ملازمین کی کمی کے مسائل کو فوری طور پر حل کیا جائے اور ہر دفاتر میں کم از کم پانچ ملازمین ہونے چاہئیں

اس موقع پر انہیں بتایا گیا کہ اگلے سال جون تک 32 دفاتر کو اپ گریڈ کیا جائے گا جبکہ پشاور میں 14 اپریل سے 13 مئی 2022 کے درمیان 7 ہزار 111 پاسپورٹ جاری کیے گئے ہیں۔ انہیں بتایا گیا کہ خیبر اور لوئر کوہستان میں پاسپورٹ دفاتر کی منظوری دی گئی ہے جس سے پشاور اور ہزارہ پر میں لوڈ کم ہوگا۔