لاہور۔1فروری (اے پی پی):وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ نادرا، پاسپورٹ دفاتر اور ایف آئی اے میں بڑے پیمانے پر اصلاحات ہوں گی،غیر قانونی طریقے سے بیرون ملک جانے والوں کیخلاف کارروائی کر رہے ہیں، پاکستان کے امریکہ کے ساتھ اچھے تعلقات ہیں، پاسپورٹ اتھارٹی کا قیام جلد عمل میں لایا جا ئے گا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کو یہاں نادرا میگا سنٹر پیکو روڈ میں بنائے گئے نئے پاسپورٹ کائونٹرز کی افتتاحی تقریب سے خطاب و میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔
وفاقی وزیر داخلہ نے کہاکہ عوام کو درپیش مسائل کے حل کیلئے بڑے پیمانے پر نادرا، پاسپورٹ دفاتر اورایف آ ئی اے میں اصلاحات لا رہے ہیں ، ایف آئی اے میں تبدیلیاں اورعوام کیلئے مثالی ماڈل نادرا سینٹرز بنا رہے ہیں جبکہ عوام کو پاسپورٹ کے با آسانی اجراء کیلئے سہولت بہم بھی پہنچا رہے ہیں ،اس طرح کے سینٹرز ملک کے دیگر 14بڑے شہروں میں بھی قائم کئے جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ ملک میں پاسپورٹس کی ڈیمانڈ بہت زیادہ ہے ،نادرا میں کائونٹرز بننے سے پاسپورٹ جلدی بنے گا، پاسپورٹ کے اجراء میں کسی قسم کی تاخیر نہیں ہو رہی،کا ئونٹرز بننے سے عوام کوفائدہ اور لوگ لمبی لائنوں سے بچ جائیں گے البتہ امیگریشن کائونٹر ز پر ہمیں کچھ سختی کرنا پڑ رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کچھ عرصہ میں ایف آئی اے میں بڑی اصلاحات نظر آئیں گی، جو لوگ اپنی جانوں کو خطروں میں ڈال کر غیر قانونی اور جعلی دستاویزات سے بیرون ملک جانے کی کوشش کرتے ہیں ان کے خلاف کارروائی کر رہے ہیں ،ملکی تشخص خراب اور ناجائز کام کرنے والے ایجنٹوں کے گرد بھی گھیرا تنگ کیا جا رہا ہے جو بہت جلد قانون کے شکنجے میں آ جائیں گے ۔
انہوں نے کہا کہ 8 فروری کو لاہور میں چیمپئنز ٹرافی ٹورنامنٹ کا میچ منعقد ہو رہا ہے جبکہ اسی دن ایک سیاسی جماعت لاہور میں احتجاج کر رہی ہے، اس سیاسی جماعت سے احتجاج کو رکوانے کے حوالے سے بات کریں گے ،اس سیاسی جماعت نے ہمیشہ غیر ملکی مہمانوں کے پاکستان آ نے پر احتجاج اور دھرنوں کو ترجیح دی جس سے ملک کے امیج کو نقصان پہنچا ہے ،اس سیاسی جماعت نے اپنی سیاست کو چمکانے کیلئے جلائو گھیرائو اور انتشار کو فروغ دیا ہے ،اس سیاسی جماعت کی سوچ تعمیری نہیں بلکہ ملک کی عزت کو دائو پر لگانے والی ہے ۔
محسن نقوی نے کہا کہ پاک امریکہ تعلقات کے حوالے سے سوشل میڈیا پر چلنے والی منفی خبروں میں کوئی صداقت نہیں،پاکستان کے امریکہ کے ساتھ بہت اچھے تعلقات اور ان دوستانہ تعلقات میں مزید بہتری آنے کی توقع ہے ،حالیہ پاکستانی وفد کے امریکہ کے دورے سے پاکستان کو بہت فائدہ ہو گا اور پاکستان کیلئے مستقبل میں اچھے دن آ رہے ہیں ۔
ایک سوال کے جواب میں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ حکومت بہت جلد ایف آ ئی اے میں اصلاحات لا رہی ہے ،بالخصوص فیصل آ باد اور گجرات کے سنٹرزکو بہتر کیا جا رہا ہے کیونکہ اکثریت کے ساتھ ان شہروں سے غیر قانونی طریقے کے ذریعے نوجوان بیرون ملک جا رہے ہیں،ہمیں خوشی ہوتی ہے جب کوئی پاکستانی نوجوان لیگل ذرائع سے بیرون ملک جاتا ہے لیکن جو لوگ غیر قانونی راستہ اختیار کرتے ہیں وہ نہ صرف پاکستان کی بدنامی کا باعث بلکہ ملکی ساکھ کو نقصان بھی پہنچاتے ہیں جس کی ساری ذمہ داری باہر بھجوانے والے ایجنٹوں پر ہوتی ہے ،ہمیں ان ایجنٹوں کا سد باب کرنے کیلئے کچھ وقت درکار ہے ، اس طرح کے ایجنٹوں کی روک تھام کیلئے عوام کو بہت جلد خوشخبری ملے گی ۔
ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ عوام کو پاسپورٹ ڈیلیوری اور اس کے نظام کو بہتر بنانے کے حوالے سے جو مسائل درپیش ہیں اس کا واحد حل پاسپورٹ اتھارٹی کا قیام ہے جس کیلئے میں نے وزیر اعظم سے بات کی اور انہیں بتایا ہے کہ محکمہ پا سپورٹ میں اصلاحات لانے کے لئے پاسپورٹ اتھارٹی ضروری ہے ، اس حوالے سے کچھ مسائل درپیش ہیں لیکن جلد اتھارٹی کے قیام کے حوالے سے کام شروع کر دیا جا ئے گا۔