نادرانے شناختی کارڈز و دیگر دستاویزات بنوانے والے شہریوں کو جعلسازوں سے ہوشیار رہنے کی تنبیہ کر دی،ترجمان

94

لاہور۔10فروری (اے پی پی):نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا)نے شناختی کارڈز و دیگر دستاویزات بنوانے والے شہریوں کو جعلسازوں سے ہوشیار رہنے کی تنبیہ کر دی۔ترجمان نے بتایا کہ ادارے کی طرف سے عوام کو خبردار کیا گیا ہے کہ وہ انٹرنیٹ اور سوشل میڈیا پر اتھارٹی سے ملتے جلتے ناموں سے بنائے گئے جعلی پیجز،ویب سائٹس اور جعلی ایڈریس سے بھیجی جانے والی ای میلز اور میسجز سے خبردار رہیں ،کچھ فراڈ عناصر جعلسازی کی مختلف سرگرمیوں میں ملوث ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ یہ عناصر شہریوں کو نادرا سے متعلق خدمات میں معاونت کا جھانسہ دے کر ان کی شناختی معلومات اور فنگر پرنٹس حاصل کر لیتے ہیں اور ان کی پراپرٹیز اور بینک اکائونٹس تک رسائی حاصل کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔

نادرا نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ شناختی دستاویزات کیلئے نادرا پاک آئی ڈی موبائل ایپ استعمال کر کے اپنا قیمتی وقت اور رقم بچائیں اور حساس معلومات کا تحفظ بھی یقینی بنائیں۔ترجمان نے مزید بتایا کہ نادرا ایف آئی اے کے ساتھ مل کر جعلسازوں کے خلاف کارروائی کیلئے ان کا سراغ لگا رہا ہے لہذا شہریوں سے درخواست ہے کہ وہ ان عناصر کی اطلاع ہماری ہیلپ لائن نمبر1777 پر دیں۔