اسلام آباد ۔ 12 فروری (اے پی پی) وزیراعظم کے ترجمان ندیم افضل چن کی ہدایت پر نادرا نے حلقہ این اے 88 کے دیہاتوں میں مقیم افراد کو ان کی دہلیز پر ب فارم اور شناختی کارڈ کی فراہمی کیلئے نادرا موبائل وین کا اہتمام کیا ہے۔ اپنے ایک بیان میں ندیم افضل چن نے کہا کہ نادرا کا عملہ مضافاتی علاقوں میں مقیم افراد کو ب فارم اور شناختی کارڈ بغیر فیس کے مہیا کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ دیہاتی علاقوں میں بسنے والے افراد ب فارم اور شناختی کارڈ کے حصول کیلئے دور دراز کے علاقوں سے شہروں کا رخ کرتے ہیں جس سے ان کو مشکلات کا سامنا تھا مگر اب ان کا پیسہ اور وقت ضائع ہونے سے بچ جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت عوام الناس کو بنیادی سہولیات کی فراہمی کیلئے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے۔