اسلام آباد۔10جون (اے پی پی):وفاقی وزیر صحت عبدالقادر پٹیل نے نادرا کے اشتراک سے پولیو اور زرد بخار کے ویکسینیشن سرٹیفکیٹ کا اجرا کر دیا ہے۔ ویکسینیشن سرٹیفکیٹ نیشنل امیونائیزیشن مینجمنٹ سسٹم سے جاری ہوں گے ۔بیرون ملک سفر کرنے والے شہری اب کووڈ ویکسینیشن کی طرح پولیو اور زرد بخار کے ویکسینیشن سرٹیفکیٹ آن لائن لے سکتے ہیں ۔نادرا نے پولیو اور زرد بخار کے ویکسینیشن سرٹیفکیٹ کی تصدیق بھی موبائل ایپ کے ذریعے آسان بنا دی ہے۔
ان خیالات کا اظہار عبدالقادر پٹیل نے پولیو اور زرد بخار کی ویکسینیشن سرٹیفکیٹ کے اجرا کی تقریب کے دوران کیا ۔انہوں نے کہا کہ حکومت صحت کے شعبے میں انقلابی اقدامات کو یقینی بنا رہی ہے، صحت کے شعبے میں بہتری لانا ہمارا مشن اور مقصد ہے۔انہوں نے کہا کہ صحت کے شعبے میں عوام الناس کو سہولیات فراہم کرنے کیلئے ہر ممکن اقدام کئے جارہے ہیں ۔
انہوں نے کہا کہ بیرون ملک سفر کرنے والے پاکستانیوں کو پولیو اور زرد بخار کے ویکسینیشن سرٹیفکیٹ کے حصول اور تصدیق کرانے میں بہت سی مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا تھا، ہماری حکومت عملی اقدامات پر یقین رکھتی ہے یہ بیرون ملک سفر کرنے والے شہریوں کی بہت بڑی سہولت ہے پولیو اور زرد بخار کے ویکسینیشن سرٹیفکیٹ اجرا کی تقریب نادرا ہیڈکوارٹر میں منعقد ہوئی ۔
چیئرمین نادرا طارق ملک اور نادرا کے اعلی حکام نے تقریب میں شرکت کی۔ چیئرمین نادرا نے کہا کہ پولیو اور زرد بخار کے سرٹیفکیٹ کی تصدیق کے لئے نادرا نے موبائل ایپ بھی تیار کر لی ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستانی شہری موبائل ایپ کے ذریعے نہ صرف پولیو اور زر بخار کے جاری کردہ سرٹیفکیٹ کی تصدیق کر سکتے ہیں بلکہ ویکسینیشن پاس بھی بنا سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ نادرا نے ڈیجیٹل اجرا کے ذریعے کووڈ سرٹیفکیٹ کی طرح پولیو اور زرد بخار کے ویکسینیشن سرٹیفکیٹ کو بھی موباِئل ایپ کے ذریعے اجرا ممکن بنا دیا ہے۔
پاکستانی شہری یا حکومتی ادارے کسی بھی جگہ کووڈ سرٹیفکیٹ اور کووڈ پاس کی طرح پولیو اور زرد بخار ویکسینیشن سرٹیفکیٹ کی فوری تصدیق کر سکیں گے۔ انہوں نے کہا کہ نادرا نے اپنے سسٹم کو جدید ترین خطوط پر استوار کر دیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ نادرا کے سسٹم اور موبائل ایپ سے جاری ہر ویکسینیشن سرٹیفکیٹ پر ایک کیو آر کوڈ نصب ہے منسٹری آف ہیلتھ کے سفارش کردہ منصوبے پر عمل کرتے ہوئے قومی ادارہ صحت نے این آئی ایم ایس (نمز) نادرا کے ذریعے پولیو اور ییلو فیور ویکسینیشن سرٹیفکیٹ سسٹم کا آغاز کیا ہے تاکہ مسافروں کی بین الاقوامی ضروریات کو پورا کیا جاسکے۔
کچھ ممالک کی طرف سے بین الاقوامی مسافروں سے پولیو اور زرد بخار سے بچائو کی ویکسینیشن کی ضرورت ہوتی ہے۔ اس سلسلے میں وزارت صحت اورقومی ادارہ صحت نے نادرا کے تعاون سے پولیو اور یلو فیور کے لئے ویکسینیشن سرٹیفکیٹ جاری کرنا شروع کردیا ہے۔ نمز سسٹم اس وقت کوویڈ-19 ویکسینیشن سرٹیفکیشن کی کی سہولت فراہم کر رہا ہے۔
یہ سرٹیفکیٹ مسافروں کے سفری تقاضوں کے مطابق انفرادی طورپر علیحدہ علیحدہ حاصل کیے جا سکتے ہیں ۔ جس طرح کوویڈ ویکسینیشن کا اندراج مختلف ویکسین سینٹرز میں ہوتا ہے اسی طرح ییلو فیور اور پولیو ویکسینیشن کے اعداد و شمار ان کے متعلقہ ویکسین سینٹرز میں براہ راست نمز پورٹل میں انٹر کیے جائیں گے۔