21 C
Islamabad
پیر, مارچ 10, 2025
ہومقومی خبریںنادرا کے 25 سال: قومی شناختی نظام سے ڈیجیٹل انقلاب تک کا...

نادرا کے 25 سال: قومی شناختی نظام سے ڈیجیٹل انقلاب تک کا سفر خرم شہزاد

- Advertisement -

اسلام آباد۔10مارچ (اے پی پی):قومی ڈیٹا بیس اور رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے اپنی 25 سالہ خدمات مکمل کر لی ہیں، جس دوران ادارے نے پاکستان کے شناختی نظام کو جدید ترین ٹیکنالوجی سے ہم آہنگ کیا اور قومی شناختی عمل کو مؤثر اور محفوظ بنایا۔

پاکستان کی آزادی کے بعد شہریوں کے اندراج کے نظام کی بنیاد رکھنے کا عمل 1951 میں شروع ہوا، جب ملک کی پہلی مردم شماری کی گئی۔ 1973 میں باقاعدہ رجسٹریشن نظام متعارف کرایا گیا اور 1974 میں قومی شناختی کارڈ (این آئی سی) کا اجرا کیا گیا، جو 18 سال اور اس سے زائد عمر کے شہریوں کے لیے لازم قرار دیا گیا۔1998 میں نیشنل ڈیٹا بیس آرگنائزیشن (این ڈی او ) کے قیام کے بعد 10 مارچ 2000 کو ’’نادرا ‘‘وجود میں آیا، جس نے پاکستان کے قومی رجسٹریشن نظام کو جدید خطوط پر استوار کیا۔ابتدائی چیلنجز کے باوجود، نادرا نے قدم بہ قدم جدید اور محفوظ شناختی نظام متعارف کرایا۔ 2001 میں کمپیوٹرائزڈ قومی شناختی کارڈ کا اجرا ء نادرا کی کامیابی کا ایک اہم سنگِ میل تھا۔ نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے شناخت، ای گورننس اور محفوظ دستاویزات کے حل فراہم کرنے میں کامیابی کے لیے بین الاقوامی سطح پر پہچان حاصل کی ۔2008
میں بایومیٹرک ڈیٹا بیس کو اپ گریڈ کیا گیا، جس میں 10 فنگر پرنٹس اور ڈیجیٹل فوٹوگرافی شامل کی گئی، جس سے شہریوں کی شناخت کا نظام مزید مضبوط ہوگیا۔

- Advertisement -

آج نادرا کا نیٹ ورک ملک بھر میں پھیل چکا ہے، جس میں 13 میگا سینٹرز، 890 رجسٹریشن سینٹرز، 230 موبائل رجسٹریشن وینز، اور بیرون ملک 10 رجسٹریشن سینٹرز شامل ہیں۔ نادرا نے مختلف حکومتی منصوبوں میں بھی کلیدی کردار ادا کیا، جن میں اسلحہ لائسنس، قومی سماجی و اقتصادی رجسٹری، ڈیزاسٹر مینجمنٹ، اور بایومیٹرک تصدیقی نظام شامل ہیں۔نادرا کی خدمات عالمی سطح پر بھی تسلیم کی جا چکی ہیں، اور اس نے نائیجیریا، سوڈان، کینیا، ترکی اور یورپی یونین سمیت کئی ممالک کو شناختی نظام فراہم کیے ہیں۔

حال ہی میں نادرا نے "پاک آئیڈنٹی” ایپ متعارف کروائی ہے، جس کے ذریعے شہری اپنی شناختی خدمات کو ڈیجیٹل انداز میں حاصل کر سکتے ہیں۔نادرا حکام کے مطابق، ادارہ پاکستان کے ہر شہری کو محفوظ اور تصدیق شدہ شناخت فراہم کرنے کے عزم پر قائم ہے اور ڈیجیٹل پاکستان کے ویژن کو حقیقت میں بدلنے کے لیے مسلسل کام کر رہا ہے۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=570733

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں