لاہور۔23اکتوبر (اے پی پی):ڈی جی ایل ڈی اے طاہر فاروق کی ہدایات پر ایل ڈی اے ٹیموں کی غیرقانونی کمرشل عمارتوں اور کمرشل فیس نادہندگان املاک کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں۔ایل ڈی اے ٹیموں نے بدھ کے روز مختلف علاقوں میں کارروائیاں کر کے70 املاک سربمہرکر دیں۔ایل ڈی اے ٹیموں نے واپڈا ٹاون، وحدت روڈ، فیصل ٹاون، شالیمار لنک روڈ اور گلبرگ سکیم میں کارروائیاں کیں۔
ایل ڈی اے ٹیموں نے واپڈا ٹاون میں20 ،شالیمار لنک روڈ پر10 ،وحدت روڈ پر 14 ،فیصل ٹاون میں11 اور گلبرگ میں 15 املاک کو سربمہر کر دیا۔سیل کی گئی املاک میں نجی سکول، اکیڈمی،آئل سٹور، فرنیچر شاپس، گراسری سٹور، بیکریز، فارمیسی،نجی دفاتر، فوڈ پوائنٹس،کلینک،دکانیں اور دیگر شامل ہیں۔ان املاک کو غیر قانونی کمرشل استعمال اور کمرشل فیس کی عدم ادائیگی پر سیل کیا گیا۔آپریشن سے پہلے ان املاک کو متعدد نوٹسز دیئے گئے تھے۔
آپریشن چیف ٹاون پلانر ٹو اظہر علی اور چیف ٹاون پلانر ون اسدلزمان کی زیر نگرانی کیا گیا۔ڈی جی ایل ڈی اے طاہر فاروق کی ہدایت پر شہر میں غیرقانونی کمرشل عمارتوں /کمرشل فیس نادہندگان کے خلاف بلا امتیاز کارروائیاں جاری ہیں۔