نادہندگان سے واجبات کی وصولی اور بجلی کے خطرناک پوائنٹس کو محفوظ بنانے کی مہم کامیابی سے جاری ہے، ترجمان آئیسکو

82

اسلام آباد۔25جنوری (اے پی پی):اسلام آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی(آئیسکو )کے تمام آپریشن سرکلز میں بجلی چوری اور نادہندگان کے خلاف بھرپور کارروائیاں کے ساتھ ساتھ گھروں کے قریب سے گزرنے والی بجلی کی تاروں کو بھی محفوظ پوائنٹس پر منتقل کرنے کا عمل تیزی سے جاری ہے ۔

ترجمان آئیسکو کے جمعرات کو جاری بیان کے مطابق 7ستمبر2023سے بجلی چوروں کے خلاف جاری آپریشن کے دوران 6 لاکھ 54 ہزار سے زائد میٹرز چیک کئے گئے۔ متفرق طریقوں سے بجلی چوری کرنے پر متعلقہ صارفین کو آئیسکو کی جانب سے50کروڑ25 لاکھ36ہزار943 روپے کے جرمانے عائدکیے گے۔

بجلی چوروں کے خلاف815 ایف آئی آرز کا اندراج کر کے663افراد کو پولیس نے گرفتار کیا گیا ۔دوسری جانب آئیسکو کی ریکوری ٹیموں کی کاروائیاں بھی کامیابی سے جاری ہیں جس کے نتیجے میں مجموعی طور پر بجلی واجبات ادا نہ کرنے والے 74451صارفین سے اب تک1ارب85کروڑ85لاکھ 50ہزار کی ریکوری کو یقینی بنایا گیاہے۔

صارفین اور آئیسکو لائن سٹاف کو حادثات سے محفوط رکھنے کیلئے آئیسکو نے ایک صارف دوست کمپنی کا ثبوت دیتے ہوئے1ارب64کروڑ17لاکھ89ہزار روپے کے اخراجات خود برداشت کرتے ہوئے انسانی جان کے لئے خطرے کا باعث بننے والے9061خطرناک پوائنٹس کو محفوظ مقام پر منتقل کیاگیا۔

چیف ایگزیکٹو آفیسر آئیسکو ڈاکٹر محمد امجد خان کا کہنا تھا کہ اس قومی مہم میں آئیسکو کا ساتھ دیں اور بجلی چوروں اور بجلی کے خطرناک پوائنٹس کی اطلاع ہیلپ لائن نمبر 118 یا کمپلینٹ اینڈ مانیٹرنگ سیل کےنمبرز 34-9252933-051 پر دیں تاکہ بروقت کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔