اسلام آباد۔18مارچ (اے پی پی):حکومت پاکستان اور وزارت توانائی (پاور ڈویژن ) کی ہدایت پر نادہندگان کے خلاف جاری آپریشن میں نادہندگان سے 6ارب29کروڑ سے زائد کے واجبات وصول کر لئے،ڈیفالٹرز کے خلاف فیلڈ فارمیشنز کی بھر پور کارروائیاں جاری ہیں۔
منگل کو آئیسکو چیف ایگزیکٹو محمد نعیم جان نے تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ آئیسکو ریکوری فارمیشنز نے2لاکھ13ہزار سے زائد رننگ اور ڈیڈ ڈیفارلٹرز سے6ارب29کروڑ سے زائد کے واجبات کی وصولی یقینی بنائی ہے اور متعدد نادہندگان کے بجلی کے میٹرز اور ٹرانسفارمرز منقطع کر دیئے۔
آئیسکو چیف نے کہا کہ یقینی طور پر آئیسکو ریکوری ٹیموں کی کارکردگی خراج تحسین ہے۔انہوں نے ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ جو صارف بجلی کے بل ادا کرے گا، بجلی بھی اسے ہی فراہم کی جائے گی اور اس سلسلے میں کوئی بھی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔
آئیسکو چیف ایگزیکٹو نے صارفین سے درخواست کی کہ وہ بجلی کے بل بروقت ادا کریں تاکہ بجلی کی بلاتعطل فراہمی اور سسٹم اپ گریڈیشن کے جاری منصوبوں کی بروقت تکمیل ممکن بنائی جا سکے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=573822