ناران۔ 19 جون (اے پی پی):نیشنل ہائی وے اتھارٹی نے مانسہرہ میں مہانڈری پل کی توسیع کا کام مکمل کر کے سڑک کو ٹریفک کے لیے کھول دیا ہے۔ اسسٹنٹ کمشنر بالاکوٹ نادر خان کے مطابق پل کی توسیع مشکل موسمی حالات کے باوجود انتہائی مؤثر انداز میں مکمل کی گئی۔تعمیراتی کام کے دوران مریضوں اور سیاحوں کی آمدورفت کو یقینی بنانے کے لیے ایک عارضی راستہ بھی قائم کیا گیا تھا تاکہ کسی قسم کی پریشانی نہ ہو،نصب کیا گیا نیا ڈھانچہ ایک بڑا سٹیل کا پل ہے جس سے مہانڈری کے مقام پر اب دو طرفہ ٹریفک کی روانی ممکن ہو گئی ہے۔
اے سی نادر خان کا کہنا تھا کہ پل کی یہ توسیع وادی کاغان کا رخ کرنے والے ہزاروں سیاحوں کے لیے سفری سہولیات کو نمایاں طور پر بہتر بنائے گی۔مقامی شعبہ سیاحت سے وابستہ افراد نے بھی اس منصوبے کا خیرمقدم کیا ہے،ہوٹل ایسوسی ایشن کے چیئرمین حسن دین نے کہا ہے کہ نئے پل کی تنصیب علاقے میں سیاحتی صنعت کو فروغ دے گی۔اُنہوں نے اس بات پر زور دیا کہ وادی کاغان تک بلا تعطل رسائی سیاحتی و ہوٹلنگ کے شعبے کے لیے نہایت اہم ہے
یاد رہے کہ گزشتہ سال مہانڈری کے مقام پر نصب پُل شدید سیلابی ریلے میں بہہ گیا تھا جس سے آمدورفت کا اہم راستہ منقطع ہو گیا تھا اور نہ صرف سیاحت بلکہ مقامی معیشت بھی متاثر ہوئی تھی۔