نارووال ،ضلعی انتظامیہ کی جانب سے محفل میلادالنبیؐ کا اہتمام ، وفاقی وزیر احسن اقبال کی بطور مہمان خصوصی شرکت

150
احسن اقبال

نارووال۔ 17 ستمبر (اے پی پی):نارووال پبلک سکول کے ہال میں ضلعی انتظامیہ کی جانب سے محفل عیدمیلادالنبی ؐکا اہتمام کیا گیا،جس میں پاکستان ٹیلی ویژن کے ساتھ وابسطہ وطن عزیز کے معروف قراء اکرام،نعت خوانوں اور مقررین نے شرکت کی۔وفاقی وزیر منصوبہ بندی وترقی احسن اقبال نے محفل میں بحیثیت مہمان خصوصی شرکت کی۔اس موقع پرممبر صوبائی اسمبلی و چیئرمین وزیراعلی ٹاسک فورس برائے جیل خانہ جات پنجاب رانا منان خان،تمام ڈیپارٹمنٹس کے افسران اور مختلف یونین کونسلز کے چیئرمینز ،اساتذہ،طلبہ،سول سوسائٹی اور میڈیا نمائندگان کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر پروفیسر احسن اقبال کا کہنا تھا کہ یہ ہم سب کیلئے بڑے اعزاز کی بات ہے کہ ہم سرکار دوعالم ﷺکی محفل میلاد پاک میں شرکت کررہے ہیں، یہ اللہ تعالی کا ہم سب پر خصوصی کرم ہے، ہر وہ تقریب جو درود واسلام کیلئے منعقد کی جائے وہ معمولی تقرب نہیں ہوتی کیونکہ یہ واحد عمل ہے جو خدا تعالی اور مخلوق میں مشترک ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنی زندگیاں سرکار دوعالمؐ کے بتائے ہوئےاصولوں کے مطابق گزارنی چاہئیں، حضور ؐ کے اسوہ حسنہ پر عمل پیرا ہو کر ہی ہم دنیا و آخرت کی کامیابیاں حاصل کر سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ حضور نبی کریم ؐنے فرمایا جو رشتہ سب سے پہلے مرنے کے بعد آپ کا ساتھ چھوڑتا ہے وہ آپکا مال ہے ،اسکے بعد رشتہ دار انسان کا ساتھ چھوڑ جاتے ہیں اور جب وہ رخصت ہوتے ہیں تو پھر مرنے والے کے ساتھ اسکے اعمال ہمیشہ کیلئے رہتے ہیں، اگر اعمال صالح ہیں تو بہترین اجر ملے گا ۔انہوں نے کہا کہ ہم سب کو مل کر یہ عہد کرنا ہو گا کہ ہم اپنی زندگیوں میں تبدیلیاں لے کر آئیں گے ،نفرتوں کو ختم کر کے محبتیں بانٹیں گے اور اللہ اور اس کے رسول حضرت محمد ﷺ کی اتباع کرتے ہوئے دنیا و آخرت کی کامیابیاں حاصل کریں گے۔