نارووال کو علم کی بستی بنانا میرا خواب تھا ، یونیورسٹی آف نارووال ایک تناور درخت بن چکی ہے ،احسن اقبال کا تقریب سے خطاب

157
نارووال کو علم کی بستی بنانا میرا خواب تھا ، یونیورسٹی آف نارووال ایک تناور درخت بن چکی ہے ،احسن اقبال کا تقریب سے خطاب

نارووال۔8مئی (اے پی پی):وفاقی وزیر ترقی و منصوبہ بندی پروفیسر احسن اقبال نے کہا ہے کہ ہم نے علم کی معراج حاصل کرنی ہے جس قوم میں علم کی جستجو نہیں وہ غلامی میں رہتی ہیں ہمیں علمی تحریک کی ضرورت ہے،یونیورسٹی آف نارووال کے طلبہ بہترین صلاحیتوں سے اپنی یونیورسٹی کا تعارف پیش کریں تاکہ پوری دنیا کے طلبہ یہاں داخلے کے منتظر ہوں ،نارووال کی دھرتی گواہی دے گی کہ ہم نے آنے والی نسلوں کی تیاری کی ہے۔

نارووال کو علم کی بستی بنانا میرا خواب تھا اور آج میرے لئے خوشی کا دن ہے کہ تعبیر مل رہی ہے۔ان خیالات اظہار انہوں نے یونیورسٹی آف نارووال کے 13 مختلف منصوبہ جات کی افتتاحی تقریب میں طلبہ و طالبات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔پروفیسر احسن اقبال نے کہا کہ یونیورسٹی آف نارووال ایک تناور درخت بن چکی ہے اور معیاری تعلیم بچوں کو ان کی دہلیز پر مل رہی ہے کوشش کریں گے نارووال یونیورسٹی کی بتیاں 24 گھنٹے جلتی نظر آئیں ۔امریکا اور برطانیہ میں 24 گھنٹے تدریسی عمل جاری رہتا ہے اگر اللہ کا قرب حاصل کرنا ہے تو قرآن کے اندر سے بھی علم حاصل کرنے کا شعور ملتا ہے۔ ہمیں علم و محقق پیدا کرنے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ آج ہم نے یونیورسٹی کے طلبہ کو اعتماد دیا ہے۔ امید کرتا ہوں کہ طلبہ و طالبات اس یونیورسٹی کو محنت کے ساتھ پاکستان کی صف اول کی یونیورسٹی بنائیں گے اور کھوئے ہوئے مقام کو دوبارہ حاصل کریں گے ۔گورنمنٹ اسلامیہ ڈگری کالج کو جلد بحال کر دیا جائے گا۔احسن اقبال نے مزید کہا کہ سابق حکومت کے 4 سالہ دور میں ترقی کو بریک لگ گئی عوام ان سے پچھلے دور کا حساب لیں گے۔

انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی آف نارووال کے ترقیاتی پروگرام کے فیز 2 کے تحت تقریبا ایک ارب 70 کڑوڑ روپے کی لاگت سے انسٹیوٹ آف ہیلتھ سائنسز , کمرشل سنٹر، کیفے ٹیریا، گیسٹ ہاؤس ، مسجد ، ہاسٹلز، فیکلٹی اور سٹاف کی رہائشیں تعمیر کی جائیں گے ۔ان تمام منصوبوں کی تعمیر نیشنل لاجسٹک سیل کرے گا اور یہ تمام منصوبے ڈیڑھ سال کے عرصے میں مکمل ہوں گے جس کے بعد طلبہ و طالبات تمام سہولیات سے مستفید ہو سکیں گے۔ان منصوبوں کا دلکش تعمیراتی ڈیزائن سپین کے مسلم طرز تعمیر کے تحت تیار کیا گیا ہے۔

تقریب میں پر وائس چانسلر یونیورسٹی آف نارووال ڈاکٹر طارق محمود، پرنسپل UVAS پروفسیر ڈاکٹر محمد یونس ، پرنسپل نارووال پبلک سکول پروفیسر محفوظ الرحمان ،ریجنل ڈائیریکٹر ہائیر ایجوکیشن کمیشن عبدالغفود ، ڈپٹی کمشنر محمد اشرف، ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر رانا طاہر رحمان ، سابق ایم پی ایز خواجہ محمد وسیم بٹ، رانا منان خاں، بلال اکبر خان ، سردار رمیش سنگھ اروڑا ، این ایل سی کے پراجیکٹ ڈائیریکٹر بریگیڈئیر جمیل فاروقی کے علاوہ عمائدین علاؤہ ، اساتذہ اکرام اور طلبہ و طالبات کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔