ناروے کے بادشاہ ہیرالڈ پنجم 89 برس کی عمر میں وفات پا گئے
ناروے کے بادشاہ ہیرالڈ پنجم 89 برس کی عمر میں وفات پا گئے

مزید خبریں
اوسلو۔28اگست (اے پی پی):ناروے کے بادشاہ ہیرالڈ پنجم 89 برس کی عمر میں انتقال کر گئے۔ شاہی محل کے مطابق بادشاہ ہیرالڈ کا انتقال جمعہ کو مقامی وقت کے مطابق صبح 6 بج کر 35 منٹ پر اوسلو کے نیشنل ہسپتال میں ہوا۔بادشاہ ہیرالڈ پنجم کو گزشتہ ہفتے خون کی بیماری کے علاج کے لیے ہسپتال منتقل کیا گیا تھا، وہ گزشتہ کئی برس سے صحت کے مسائل کا سامنا کر رہے تھے اور مختلف مواقع پر ان کے صاحبزادے ولی عہد ہاکون نے بطور قائم مقام سربراہِ مملکت ذمہ داریاں انجام دیں۔
بادشاہ کے انتقال کی اطلاع کے بعد ناروے کے شاہی محل پر نصب پرچم سرنگوں کر دیا گیا۔ہیرالڈ پنجم 1937 میں ناروے میں پیدا ہوئے اور تقریباً چھ صدیوں کے بعد ناروے کی سرزمین پر پیدا ہونے والے پہلے ناروے کے بادشاہ بنے۔ انہوں نے اپنے والد بادشاہ اولاف پنجم کے انتقال کے بعد جنوری 1991 میں تخت سنبھالا اور 35 برس سے زائد عرصے تک ناروے کے بادشاہ رہے۔
بادشاہ ہیرالڈ پنجم کے انتقال کے بعد ان کے 53 سالہ صاحبزادے ولی عہد ہاکون آئینی طور پر ناروے کے نئے بادشاہ بن گئے ہیں۔ وہ بادشاہ ہاکون ہشتم کے نام سے تخت سنبھالیں گے۔ ناروے کی حکومت نے اس موقع پر خصوصی اجلاس طلب کیا ہے جبکہ نئے بادشاہ کی موجودگی میں ریاستی کونسل کا غیر معمولی اجلاس بھی منعقد ہوگا۔ ہیرالڈ پنجم کے سوگواران میں انکی اہلیہ ملکہ سونیا، بیٹے اور نئے بادشاہ ہاکون، بیٹی شہزادی مارتھا لوئیز اور چھ پوتے پوتیاں شامل ہیں۔








