ناروے کے سابق وزیر اعظم جل بونڈویک اور آزادکشمیر کے صدر سردار مسعود خان کی مشترکہ پریس کانفرنس

122

اسلام آباد ۔ 24 فروری (اے پی پی) ناروے کے سابق وزیر اعظم اور اوسلو سنٹر فار پیس اینڈ ہیومن رائٹس کے چیئرمین جل بونڈویک اور آزادکشمیر کے صدر سردار مسعود خان نے کہا ہے کہ بین الاقوامی برادری تنازعہ کشمیر حل کرنے کے لئے اپنا کردار ادا کرے، پلوامہ واقعہ کے بعد بھارت نے خطے میں جان بوجھ کر کشیدگی بڑھا دی ہے، اقوام متحدہ کشمیر پر اپنا خصوصی ایلچی مقرر کرے،اقوام متحدہ خطے میں امن کو لاحق خطرات ختم کرنے کے لئے مسئلہ کشمیر حل کرائے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے یہاں کشمیر ہاوس اسلام آباد میں مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ناروے کے سابق وزیر اعظم بونڈویک نے کہا کہ وہ واقعہ پلوامہ کی مذمت کرتے ہیں لیکن یہ مطالبہ کرتے ہیں کہ تنازعہ کشمیر کو بات چیت سے حل کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ تنازعہ کشمیر کا کوئی فوجی حل نہیں، پاکستان اور بھارت صبر و ضبط کا مظاہرہ کریں ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اور بھارت کے وزرائے اعظم کشیدگی کم کرنے کے لئے اقدامات کریں، مسئلہ کشمیر کو پر±امن طور پر حل کرنے کا وقت آ پہنچا ہے۔انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی برادری تنازعہ کشمیر حل کرنے کے لئے اپنا کردار ادا کرے، بھارت کشمیر کو دوطرفہ معاملہ قرار دیتا ہے ، اگر کشمیر پاکستان بھارت کے درمیان دوطرفہ معاملہ ہے پھر بھی مذاکرات سے یہ مسئلہ حل کیا جانا چاہیے۔ سابق ناروے وزیر اعظم نے کہا کہ کشمیر میں مظالم ہم نے دیکھے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر مشترکہ امن کے ذریعے حل کیا جاسکتا ہے۔کشمیر عوام کو امن کے ذریعے ان کے حقوق فراہم کیے جائے اورکسی بھی جارحیت سے گریز کیا جائے۔ بھارت اور پاکستان باہمی تعلقات کے ذریعے حالات کو بہتر بنانے کی کوشش کریں۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے آزادکشمیر کے صدر سردار مسعود خان نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کے حل کے لئے ناروے کے سابق وزیر اعظم کی کوششوں کا خیر مقدم کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پلوامہ واقعہ کے بعد بھارت نے خطے میں جان بوجھ کر کشیدگی بڑھا دی ہے،مقبوضہ کشمیر میں قتل وغارت کا سلسلہ بڑھ گیا ہے، پچھلے دو دنوں میں سینکڑوں افراد کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ صدر آزادکشمیر نے کہا کہ بھارت کی بی جے پی حکومت اور انتہا پسند خطے کو جنگ کے شعلوں میں دھکیلنا چاہتے ہیں،پلوامہ واقعہ سے بڑی حقیقت مقبوضہ کشمیر میں بھارت کا ظلم و جبر ہے۔انہوں نے کہا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں ظلم اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں بند کرے۔انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کشمیر پر اپنا خصوصی ایلچی مقرر کرے،اقوام متحدہ خطے میں امن کو لاحق خطرات ختم کرنے کے لئے مسئلہ کشمیر حل کرائے۔صدر آزاد کشمیر سردار مسعود نے کہا کہ صرف اپنے انتخابات جیتنے کی خاطر خطے کو جنگ دھکیلنا انتہائی زیادتی کی بات ہے،پلوامہ واقعہ سے زیادہ تکلیف دہ کشمیری عوام پر بھارتی افواج کے مظالم ہیں،لوگ کہہ رہے ہیں کہ مودی سرکار آنے والے انتخابات جیتنے کے لیے پاکستان کے خلاف بیانات دے رہا ہے، تمام مسائل کا حل کشمیریوں کو ان کا حق خود ارادیت نہ دینا ہے۔صدر آزاد کشمیر سردار مسعود نے کہا کہ بھارت کشمیر می انسانی حقوق کی خلاف ورزی بند کرے، ہم کہتے ہیں کہ بھارت کسی بھی قسم کی جنگی مہم جوئی سے گریز کرے۔