نارڈ سٹریم 2 گیس پائپ لائن منصوبہ کا 83 فیصد کام مکمل ہوچکا ،گیز پروم

131

ماسکو ۔ 2 اکتوبر (اے پی پی) روس کی قومی گیس کمپنی گیز پروم نے کہا ہے کہ نارڈ سٹریم 2 گیس پائپ لائن منصوبہ رواںسال کے آخر تک مکمل ہونے کا امکان ہے،منصوبے کا 83 فیصد کام مکمل ہوچکا اور بحیرہ بالٹک کی تہ میں اب تک2042 کلومیٹر پائپ لائن بچھائی جا چکی ہے۔گزشتہ روز اپنے بیان میں گیز پروم نے کہا کہ نارڈ سٹریم 2 گیس پائپ لائن منصوبے پر کام تیزی سے جاری ہے اور بحیرہ بالٹک کی تہ میں اب تک2042 کلومیٹر پائپ لائن بچھائی جا چکی ہے،منصوبے کے تحت بچھائی جانے والی دو گیس پائپ لائنوں میں سے ہر ایک سے 27.5 ارب مکعب میٹر گیس سالانہ سپلائی کی جاسکے گی۔بیان میںکہا گیا ہے کہ نارڈ سٹریم 2 منصوبے کے تحت بحیرہ بالٹک میں روسی ساحل سے جرمنی کی ساحلی حدود تک گیس کی سپلائی لائنیں بچھائی جائیں گی اور منصوبے پر اخراجات کا تخمینہ 9.5 ارب یورو لگایا گیا ہے۔یاد رہے کہ اس منصوبے کی تعمیر میں روسی کمپنی گیز پروم کے علاوہ جرمنی کی یونیپر اور ونٹرشیل، آسٹریا کی او ایم وی، فرانس کی اینجی اور برطانیہ و ہالینڈ کی شیل کمپنی شامل ہیں۔