واشنگٹن۔ 2 اکتوبر (اے پی پی) خلائی تحقیق کے امریکی ادارے ناسا نے مریخ پر آنے والے دو زلزلوں کی آواز سننے کا دعویٰ کرنے ہونے ان کے آڈیوکلپ جاری کئے ہیں۔ فرانسیسی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق یہ آواز گذشتہ سال نومبر میں مریخ کی سطح پر بھیجے گئے حساس آلے سیسمک ایکسپیریمنٹ فار انٹیریئر سٹرکچر کی مدد سے سنی گئی ہے۔ یہ زلزلے رواں سال مئی اور جولائی میں آئے اور ان کی شدت بالترتیب 3.7 اور 3.3 تھی تاہم ان کا دورانیہ ایک منٹ سے زیادہ تھا۔ سائنسدان اب تک مریخ پر آنے والے 20 زلزلوں کو ریکارڈ کرچکے ہیں اور ان کے مطابق ان سے مریخ کی اندرونی ساخت بارے جاننے میں مدد ملے گی۔ ناسا کی طرف سے مریخ پر بھیجا جانے والا انتہائی حساس زلزلہ پیما آلہ ایس ای آئی ایس خلائی تحقیق کے فرانسیسی ادارے سی این ای ایس نے تیار کیا ہے۔